غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی ہے

IQNA

ہیومن رائٹس واچ:

غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی ہے

5:41 - December 21, 2024
خبر کا کوڈ: 3517673
ایکنا: اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینیوں کو پینے کے پانی تک سے محروم کرکے قصدا نسل کشی کا مرتکب ہورہا ہے۔

ایکنا نیوز، میڈل ایسٹ نیوز کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم "ہیومن رائٹس واچ" نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حکومت نے جان بوجھ کر غزہ کے فلسطینیوں کو پانی کی سہولت سے محروم کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ یہ اقدام انسانیت کے خلاف جرم اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے جان بوجھ کر غزہ کے رہائشیوں پر ایسے حالات مسلط کیے ہیں جو اس علاقے کی آبادی کے ایک حصے کو ختم کرنے کے ارادے سے ترتیب دیے گئے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ اسرائیلی اقدامات میں فلسطینی غیر مسلح شہریوں کو پانی تک رسائی سے محروم کرنا، ایندھن، غذا، اور انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا اور غزہ میں بجلی کی بندش شامل ہے، حالانکہ بجلی اس علاقے کے بنیادی ڈھانچے اور زندگی کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ اقدامات ممکنہ طور پر ہزاروں اموات کا سبب بنے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی افواج نے جان بوجھ کر غزہ میں پانی کی اہم تنصیبات، نکاسی آب کے نظام، اور صحت کے مراکز پر حملے کیے اور انہیں تباہ کیا۔

ہیومن رائٹس واچ نے مزید کہا کہ متعدد مواقع پر تنظیم کو ایسے شواہد ملے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ زمینی اسرائیلی افواج ان علاقوں کو کنٹرول کرتے ہوئے انہیں جان بوجھ کر تباہ کر رہی تھیں، جو ان اقدامات کی دانستہ نوعیت کو ثابت کرتا ہے۔

اس تنظیم نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حکام ان اقدامات کے ذریعے انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے مرتکب ہیں۔ اس طرزِ عمل، اور کچھ اسرائیلی حکام کے بیانات جو فلسطینیوں کو غزہ میں ختم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، کو نسل کشی کے جرم سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ نے دنیا کی حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ غزہ میں نسل کشی کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں، اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد بند کریں، دوطرفہ معاہدوں اور سفارتی تعلقات پر نظرثانی کریں، اور بین الاقوامی عدالت برائے انصاف اور دیگر کوششوں کے ذریعے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی حمایت کریں۔

 

4255028

نظرات بینندگان
captcha