ایکنا نیوز، "الخلیج الآن" نیوز کے مطابق محمد الفقیہ، یمن کے دارالحکومت صنعاء سے تعلق رکھنے والے قاری ہیں، جن کی تلاوتیں پہلے عربوں اور مسلمانوں میں کم معروف تھیں، لیکن اب ترتیل کے انداز میں ان کی تلاوتیں سوشل میڈیا پر دستیاب ہیں۔
محمد الفقیہ کی تلاوتوں کو خاص طور پر یوٹیوب پر پذیرائی ملی ہے، جس کی بدولت انہیں عالمی سطح پر شہرت اور خاص سامعین ملے ہیں۔ چوتھے عشرے میں قدم رکھنے والے محمد الفقیہ نے بچپن میں ہی یمن کے مشہور قراء کی تقلید سے اپنی خداداد صلاحیت کو پروان چڑھایا۔
ان کا اندازِ تلاوت "صنعانی" کہلاتا ہے، جو یمن کے قراء کا ایک منفرد اور روحافزا انداز ہے، جس میں حزن اور دلنوازی نمایاں ہوتی ہے۔ اس انداز میں تلاوت کرنا مشکل اور زیادہ توانائی کا متقاضی ہے، لیکن محمد الفقیہ اس سے خاص شغف رکھتے ہیں۔
محمد الفقیہ ایک کاشتکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور صنعاء کے شمال میں واقع ارحب کے علاقے میں پلے بڑھے۔ اپنے شرمیلے مزاج کی وجہ سے وہ زیادہ توجہ کا مرکز بننے سے گریز کرتے تھے۔
وہ صنعاء کے علاقے ہبرہ میں، امریکی سفارت خانے کے قریب واقع مسجد بلال بن رباح میں امام جماعت ہیں، جہاں سے ان کی اندرون ملک تلاوت کی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔
ان کے ایک قریبی دوست نے حالیہ برسوں میں ان کی پرخلوص اور حزن بھری تلاوتوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کی بدولت صنعانی انداز کی تلاوت کو فروغ ملا۔
محمد الفقیہ کی ایک تلاوت، جو ٹک ٹاک پر شائع ہوئی، 18 ملین سے زیادہ بار دیکھی گئی، جس نے یمنی عوام کو متاثر کیا اور ان سے پورا قرآن ان کے منفرد انداز میں ریکارڈ کرنے کی درخواست کی۔
ان کے ایک مداح نے 2023 کے اواخر میں فیس بک پر ان کے لیے مالی معاونت جمع کرنے کی مہم شروع کی تاکہ تلاوت کی ریکارڈنگ کے اخراجات پورے کیے جا سکیں، کیونکہ یہ محمد الفقیہ کے لیے مہنگا ثابت ہو رہا تھا۔
عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے، محمد الفقیہ نے مختلف سورتوں کی ترتیل کے ساتھ تلاوتیں اپنے یوٹیوب چینل "الفقیہ" پر شائع کی ہیں۔ اس چینل پر ان کی سورہ ق کی تلاوت بھی سننے کے لیے دستیاب ہے۔/
4259792