ایکنا کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی قرآنی فاونڈیشن "نون" کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "طوفان الاقصی" کی جنگ نے ثابت کیا کہ اسرائیل کو شکست دینا ممکن ہے، اور اس غیر قانونی ریاست کو ہمیشہ کے لیے خطے سے ختم کیا جا سکتا ہے۔
بیان کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "إِن تَنصُرُوا اللَّهَ يَنصُرْكُمْ وَيُثَبِّتْ أَقْدَامَكُمْ" (اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جما دے گا) صدق اللہ العلی العظیم
ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے فلسطینی عوام کو فتح اور نصرت عطا کی۔ ہم فلسطینی عوام، مزاحمتی گروہوں، اور غزہ کے مجاہدین کو اس تاریخی اور عظیم فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں جس نے ہمارے دلوں میں عزت اور سربلندی کی روح کو زندہ کیا۔
دنیا کے تمام آزاد انسان اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ "طوفان الاقصی" کے پہلے دن سے ہی فتح کا پرچم فلسطینیوں کے ماتھے پر بندھا ہوا تھا۔ یہ جنگ اس بات کی عکاس تھی کہ اسرائیل کو شکست دینا ممکن ہے اور یہاں تک کہ اس غیر قانونی ریاست کو ہمیشہ کے لیے ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔
"طوفان الاقصی" نے عربی منافق ریاستوں کے بدنما چہرے کو بھی بے نقاب کیا، جو غزہ کے آزاد اور شریف عوام کے خلاف دشمن صہیونی کی خدمت میں مصروف تھے۔
اس کے برعکس، اسلامی دنیا میں محمدی اسلام کے حقیقی دور کا احیاء ہوا، جس میں یمن، لبنان، عراق اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یمن، لبنان، عراق، اور ایران کی مزاحمتی تحریکیں اس مشترکہ ایمان کا سب سے بڑا ثبوت ہیں جو مکتب محمد و آل محمد (ص) سے اخذ کیا گیا ہے۔
اگرچہ ہمیں اپنے عظیم رہنماؤں کی شہادت، خصوصاً سید حسن نصراللہ جیسے رہنما کے نقصان پر گہرا دکھ ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ حق ہمارے ساتھ ہے، اور اللہ تعالیٰ اپنی نصرت کے ذریعے ہماری مدد کرے گا۔ یہ وعدہ الٰہی ہے، اور اللہ کبھی وعدہ خلافی نہیں کرتا، لیکن اکثر لوگ اس بات کو نہیں سمجھتے۔
اس تاریخی فتح کے بعد کا مرحلہ اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم دشمن کی سازشوں سے باخبر رہیں، جو ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے اور ہمارے رہنماؤں کی ساکھ کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ جب تک ہم اپنے سچے اور نیک نیت رہنماؤں کی مدد کرتے رہیں گے، اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے گا، کیونکہ اللہ کا کلام سب سے بلند ہے اور کافروں کا کلام سب سے نیچا ہے، اور اللہ سب سے بڑا محافظ اور ارحم الراحمین ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یمن کی قرآنی فاونڈیشن "نون" (ادارہ) اس ملک میں قرآنی سماجی ڈھانچے کو زندہ رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ ادارہ نسلِ نو کو قرآن کے زبان و مفاہیم اور اس کی تربیتی، تبلیغی، علمی، اور ثقافتی جہات سے روشناس کرانے کے ذریعے اپنے بنیادی مقصد کو پورا کرنا چاہتا ہے۔/
4261333