لبنانی قاریہ، حوراء حیدر حمزہ، جو کہ 41ویں بین الاقوامی قرآن کریم مقابلوں کے ترتیل قرأت کے شعبے میں شریک ہیں، نے خبر رساں ایجنسی ایکنا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی مختصر سوانح حیات بیان کی۔ انہوں نے کہا: "میری عمر 23 سال ہے، میں نے یونیورسٹی میں ریاضیات کی تعلیم حاصل کی، لیکن اس سلسلے کو جاری نہیں رکھا اور قرآن کریم کی طرف متوجہ ہو گئی۔ الحمدللہ، میں نے تین سال کے عرصے میں قابلِ ذکر ترقی حاصل کی۔ اس وقت میں کربلا میں قرآن کی مدرس ہوں اور آستان مقدس حسینی میں تدریس کر رہی ہوں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وہ ایران میں منعقدہ بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں شریک ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ برازیل سمیت دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں، لیکن وہ سب آن لائن منعقد ہوئے تھے۔ برازیل کے مقابلے میں انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
قرآن سے اپنی وابستگی اور قرأت کے میدان میں اپنے نمونہ عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "میری پہلی الہام بخش اور آئیڈیل شخصیت حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہیں۔ الحمدللہ، میں نے تین سال قبل حفظِ قرآن، قرأت ترتیل اور تجوید کا آغاز کیا تھا۔"
ایران میں منعقدہ قرآنی مقابلوں کے معیار اور ایرانی خواتین قاریات کی سطح کے حوالے سے انہوں نے کہا: "ایرانی خواتین قاریات کی سطح اس بات کی عکاس ہے کہ ایران کے عوام قرآن کریم کی جانب کس قدر توجہ دیتے ہیں اور قرآنی مہارتوں کے فروغ میں سنجیدہ ہیں۔ ان مقابلوں کا معیار بھی بہت اعلیٰ ہے، کیونکہ ان میں شرکت کرنے والے تمام افراد مختلف ممالک کے نخبگان میں شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ہر ملک سے بہترین قاری منتخب کیے گئے ہیں۔"
اس سال کے مقابلوں کے نعرے "قرآن؛ واحد نسخہ کمال" پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "یہ محض ایک سال کا نعرہ نہیں بلکہ ایک دائمی حقیقت ہے۔ قرآن، اللہ عزوجل کی کتاب ہے، جو رسول اکرم ﷺ پر نازل ہوئی اور اسلامی شریعت کے احکام پر مشتمل ہے۔ لہٰذا، ہمیں اللہ کے کلام اور سنت نبوی کی پیروی کرنی چاہیے۔"
قرآن کریم کی بعض اسلامی معاشروں میں مہجوریت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "بعض ممالک میں قرآن کی قرأت کو تو اہمیت دی جاتی ہے، لیکن اصل چیز قرآن کے مفاہیم پر عمل کرنا ہے۔ ہمیں دیکھنے کو ملتا ہے کہ کچھ ممالک قرأت قرآن کو بہت اہمیت دیتے ہیں، مگر دشمنوں کے خلاف کھڑے ہونے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ یہ بھی قرآن کریم کی ایک قسم کی مہجوریت ہے۔/
4262607