ایکنا نیوز- خبررساں ادارے صدی البلد سے منقولہ رپورٹ کے مطابق، یہ مہم مصر کے وزیر اوقاف اسامہ الازہری کی نگرانی میں جاری ہے، جس کا مقصد رمضان کے دوران نمازیوں کے استقبال کے لیے مساجد کو تیار کرنا اور ان کے لیے ایک آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت مختلف صوبوں میں مساجد کی مکمل صفائی، تزئین و آرائش، اور مرمت و توسیع کا کام انجام دیا جائے گا۔ یہ مہم رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت اوقاف مصر کے اقدامات کا حصہ ہے۔
مصر کے مختلف صوبوں میں اوقاف کے دفاتر اس مہم میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جس میں مساجد کی صفائی، قالین بچھانے، تزئین و چراغاں کرنے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ رمضان کے استقبال کے لیے ایک روحانی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس مہم میں رضاکاروں اور مساجد کے منتظمین کی بھی شمولیت ہے، جو کہ مصر میں اجتماعی تعاون اور یکجہتی کے فروغ کی علامت ہے۔
وزارت اوقاف مصر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ رمضان کے بعد بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی تاکہ مساجد کو سال بھر ایک محفوظ اور روحانی عبادت گاہ کے طور پر برقرار رکھا جا سکے۔
مزید برآں، وزارت اوقاف نے تمام نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مساجد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور رمضان کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ مساجد ہدایت کا چراغ اور امن و ایمان کا مرکز بنی رہیں۔/
4267594