ایکنا نیوز، مرکز اطلاعرسانی فلسطین نیوز کے مطابق، مائیکروسافٹ کے مرکزی دفتر ریڈمنڈ، واشنگٹن میں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے ایسی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر فلسطینیوں کے خلاف حملوں میں مائیکروسافٹ کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی مذمت میں نعرے درج تھے۔
یہ مظاہرہ ایک رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں انکشاف ہوا تھا کہ مائیکروسافٹ کی مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ سروسز کو اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی حالیہ تحقیقات کے مطابق، امریکی ٹیکنالوجی کمپنیاں اسرائیل کو مصنوعی ذہانت کے آلات فراہم کرکے غزہ اور لبنان میں مظالم اور قتل و غارت میں مدد دے رہی ہیں۔
برطانوی اخبار گارڈین نے بھی رپورٹ دی کہ مائیکروسافٹ نے اسرائیلی فوج کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کر لیے ہیں اور غزہ کے خلاف جنگ میں اسے تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے۔
گارڈین نے مزید لکھا کہ غزہ پر حملے کے دوران اسرائیلی فوج کا مائیکروسافٹ کی ٹیکنالوجی پر انحصار نمایاں طور پر بڑھ گیا۔
دوسری جانب، اسرائیلی اخبار ہاآرتص نے "ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی پریزیڈنٹس آف اسرائیل" کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کی کوششیں سیاسی وجوہات کی بنا پر بڑھ رہی ہیں۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں اسرائیلی مظالم اور فلسطینیوں پر جبر کے باعث عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف سائنسی اور ثقافتی بائیکاٹ میں تیزی آ رہی ہے۔/
4268445