ایکنَا نیوز، المشهد نیوزکی رپورٹ کے مطابق، یمنی خطاط حسن البکولی، جنہیں عالمِ اسلام کے معروف خوشنویس عثمان طہ سے قرآن کتابت کی اجازت ملی تھی، اب تک ایک تہائی قرآن مکمل کر چکے ہیں۔
حسن البکولی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سورہ توبہ کی خطاطی شدہ آیات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "اللہ کا شکر گزار ہوں کہ میں نے سورہ توبہ کی کتابت مکمل کر لی ہے اور اب سورہ یونس کی کتابت شروع کر رہا ہوں۔"
عثمان طہ سے ملاقات اور خطاطی کی اجازت
چار ماہ قبل، حسن البکولی نے عثمان طہ سے ملاقات کے بعد قرآن کی مکمل کتابت کی اجازت حاصل کی۔ اس شرط کے ساتھ کہ وہ پورے قرآن کو خوشنویسی کے ساتھ مکمل کریں۔
حسن البکولی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر عثمان طہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس ملاقات میں عثمان طہ نے انہیں چند قیمتی نصیحتیں کیں: -تواضع، خطاطی کے حسن میں اضافہ کرتا ہے، جبکہ غرور اور تکبر خط کی خوبصورتی کو ختم کر دیتے ہیں۔" - عثمان طہ اب تک 14 مرتبہ پورے قرآن کی کتابت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا: "میرے جسم کے تمام اعضا کمزور ہو چکے ہیں، سوائے میرے دائیں ہاتھ اور آنکھوں کے، اور انہی کی بدولت میں آج بھی خود کو سات سال کا محسوس کرتا ہوں۔" - عثمان طہ نے حسن البکولی کو اجازت دیتے ہوئے کہا: "میں تمہیں قرآن کتابت کرنے کی اجازت دیتا ہوں، لیکن شرط یہ ہے کہ پورے قرآن کو مکمل لکھو۔" انہوں نے البکولی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا: "تمہاری خطاطی بہت خوبصورت ہے اور تمہارا مستقبل بہت روشن ہے۔"
عثمان طہ؛ قرآن کی سب سے زیادہ طبع ہونے والی کتابت کے خالق
شیخ عثمان طہ، قرآن کریم کے معروف کاتب ہیں، جن کی کتابت کردہ قرآن کئی دہائیوں سے مختلف اسلامی ممالک، بشمول ایران میں شائع ہو رہی ہے۔ وہ 1934ء میں شام کے شہر حلب میں پیدا ہوئے اور دمشق یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ ان کے تحریر کردہ قرآن کو سعودی عرب میں "مجمعِ ملک فہد" کے تحت شائع کیا جاتا ہے اور یہ مسلمانوں میں سب سے زیادہ چھپنے والا قرآن ہے۔/
4269590