ایکنا نیوز، الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق ، سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے بین الاقوامی نمائش اور میوزیم کی سنگال شاخ گزشتہ ہفتے افتتاح کی گئی۔
سینگال کے صدر مکی سال نے حال ہی میں ڈاکار میں اس میوزیم کی شاخ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، صدر مکی سال نے عالمی مسلم لیگ (MWL) کی ان کوششوں کو سراہا جو اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، جن کی ایک جھلک اس میوزیم میں دیکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور سینگال کے درمیان مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کے فروغ کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی۔ ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں عالمی مسلم لیگ کے معاون سیکرٹری جنرل عبدالرحمن الزید سمیت افریقی براعظم کے علما اور سرکاری حکام بھی شریک تھے۔
عالمی مسلم لیگ کے تحت دنیا بھر میں سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے میوزیم اور نمائشوں کی شاخیں قائم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔
یہ کوششیں عوام کو نبی اکرمﷺ کی زندگی اور ان کی ہدایت سے روشناس کرانے، مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے، انتہا پسندی کے خطرات کو اجاگر کرنے اور اسلامی تہذیب کے مختلف پہلوؤں کو واضح کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
یہ نمائش 20 مختلف حصوں پر مشتمل ہے، جن میں سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں تاریخی تصویری اور تجسمی نمونے شامل ہیں، جو زائرین کو یہ تصور دینے میں مدد دیتے ہیں کہ نبی اکرمﷺ کے دور میں مکہ اور مدینہ کیسا تھا۔
سینیگال میں سیرت نبوی کا یہ میوزیم، جولائی 2024 میں مراکش کے شہر رباط میں بننے والے میوزیم کے بعد دوسرا ایسا میوزیم ہے، جو مدینہ منورہ میں موجود سیرت نبوی میوزیم کی بین الاقوامی شاخوں میں شامل ہے۔