ایکنا نیوز- النبأ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ شورای حکماء مسلمان (Muslim Council of Elders) نے، جس کی صدارت شیخ احمد الطیب (شیخ الازہر) کے پاس ہے، اسرائیلی آبادکار تنظیموں کی جانب سے مسجدالاقصی اور قبۃ الصخرہ کو منفجر کرنے کی اشتعال انگیز اور انتہا پسندانہ اپیلوں کی شدید مذمت کی ہے۔
شورائے حکماء نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ یہ اشتعال انگیز اپیلیں دنیا بھر کے دو ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں زور دیا گیا کہ مسجدالاقصی اور دیگر مقدسات کی مکمل حمایت کی جائے اور قدس شریف میں مسلسل ہونے والی صہیونی جارحیت کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔
شورائے حکماء نے مقبوضہ بیت المقدس میں عیسائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، ان کے گرجا گھروں میں داخلے پر پابندی اور جسمانی حملوں کی بھی مذمت کی، اور کہا کہ یہ اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کو جنم دیں گے۔
شورائے حکماء نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ:
· صہیونی ریاست کی جانب سے مسجدالاقصی پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے؛
· فلسطینی عوام پر جاری مظالم کا خاتمہ کرے؛
· اور ایک منصفانہ و جامع حل کے ذریعے فلسطینی عوام کو آزاد ریاست کے حق کی ضمانت دے، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
اس کے علاوہ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی آبادکاروں نے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ایک دہلا دینے والی ویڈیو جاری کی ہے جس میں مسجدالاقصی کے دھماکے اور اس کی جگہ مزعومہ یہودی معبد کی تعمیر کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو ان تنظیموں نے اپنے پلیٹ فارمز پر "اگلے سال قدس میں" کے عنوان سے شائع کی ہے۔ اس عمل کو نہ صرف فلسطین بلکہ قطر نے بھی فوری طور پر شدید مذمت کا نشانہ بنایا ہے، اور اسے نفسیاتی جنگ کا ایک نیا باب قرار دیا گیا ہے۔/
4277624