ایکنا نیوز، سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (واس) کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے مذہبی امور کی ذمہ دار اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس ہفتے کا خطبہ جمعہ پہلی بار 35 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد زائرین اور نمازیوں کے لیے نماز جمعہ کے فضائل، آداب اور روحانی پیغام کو بہتر انداز میں پیش کرنا اور ان کے تجربے کو بامقصد بنانا ہے۔
اس ہفتے شیخ عبدالرحمن السدیس خطبہ جمعہ دیں گے اور نماز کی امامت کریں گے۔
فہیم الحامد، جو صدر مذہبی امور کے مشیر اور شعبہ اطلاعات و روابط عامہ کے سربراہ ہیں، نے اس بات پر زور دیا کہ:
"اس ادارے کی جانب سے جمعہ کے خطبے کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنا قوموں کے درمیان رابطے اور تہذیبوں کے تبادلے کا ایک پل ہے، اور ہم اس مشن کے لیے پُرعزم ہیں۔"
سعودی حکام کے مطابق، جمعہ کے خطبے کے ترجمے کا یہ اقدام اُن لاکھوں زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے ہے جو دنیا کے مختلف خطوں سے آتے ہیں اور مختلف زبانیں بولتے ہیں۔