ایکنا نیوز- عراقی نیوز ایجنسی (واع) کے مطابق کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ انہوں نے آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے عراق، محمد الحسان کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ کربلا اور اقوام متحدہ کے اداروں کے درمیان ممکنہ باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق، گورنر کربلا نے عراق میں اقوام متحدہ کے وفد کے انسانی کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ کربلا کی مقامی حکومت بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں سنجیدہ ہے تاکہ صوبے کی ترقی اور اس کے شہریوں کی خدمت ممکن ہو سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ملاقات کے دوران گورنر کربلا نے کربلا کی مذہبی اور سیاسی اہمیت، سالانہ لاکھوں زائرین کی میزبانی میں اس کا کردار اور خدمات، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم شعبوں کی بہتری کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔
اقوام متحدہ کے نمائندے محمد الحسان نے بھی صوبے کے مختلف شعبوں کا دورہ کرنے کے بعد کربلا کو ایک عظیم اور دلوں میں خاص مقام رکھنے والا شہر قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کربلا کی تعمیر و ترقی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان تمام مثبت تبدیلیوں کو قریب سے مانیٹر کر رہی ہے جو حالیہ برسوں میں کربلا میں دیکھنے میں آئی ہیں۔