الجزائری عوام سمر قرآنی اسکولز سے خوش

IQNA

الجزائری عوام سمر قرآنی اسکولز سے خوش

8:29 - July 11, 2025
خبر کا کوڈ: 3518776
ایکنا: الجزائر کے صوبہ بلیدہ میں قرآنی مدارس والدین کی اولین ترجیح بن گئے، طلبہ کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ایکنا نیوز- المساء نیوز کے مطابق الجزائر کے صوبہ بلیدہ میں قرآنی مدارس والدین کی محبوب ترین تعلیمی جگہوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ جیسے ہی تعلیمی سال ختم ہوتا ہے، والدین بڑی تعداد میں اپنے بچوں کی قرآنی مدارس میں رجسٹریشن کے لیے مساجد کا رخ کرتے ہیں، جو مختلف محلوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔

یہ رجحان بچوں کے فارغ اوقات کو مفید بنانے اور انہیں قرآن حفظ کرنے کی ترغیب دینے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

صوبہ بلیدہ کے دینی امور کے سربراہ مراد ابراہیمی کے مطابق، رواں سال بچوں کی قرآنی مدارس میں شرکت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور 10 جولائی (مطابق 10 تیر) تک رجسٹرڈ طلبہ کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ پچھلے سال یہ تعداد صرف 25 ہزار تھی۔ یہ اعداد و شمار 100 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔

بلیدہ شہر جو عرصہ دراز سے "شہرِ علما" کے لقب سے جانا جاتا ہے، اپنی مذہبی شناخت کی بنا پر دیگر شہروں سے ممتاز ہے۔ یہاں کے والدین اپنے بچوں کو مذہبی تعلیمات سکھانے کے لیے مساجد میں داخل کراتے ہیں، اور یہ رجحان صرف لڑکوں تک محدود نہیں بلکہ لڑکیاں بھی بڑی تعداد میں شریک ہوتی ہیں۔

صبح اور عصر کے بعد کے اوقات میں مساجد بچوں سے بھری ہوتی ہیں، جہاں وہ روایتی اور اجتماعی طریقے سے قرآن کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ہر بچے سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق قرآن حفظ کرے، جب کہ چھوٹے بچوں کو صرف آیات سننے کا پابند بنایا جاتا ہے۔

بعض والدین کا کہنا ہے کہ قرآنی مدارس بچوں کی تفریح و تربیت کے لیے اہم ترین جگہیں ہیں، خصوصاً ان حالات میں کہ جب والدین کو محفوظ کھیل کے میدانوں کی کمی اور گلیوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سامنا ہے۔

دوسری طرف، مراد ابراہیمی کا کہنا ہے کہ دینی امور کا ادارہ قرآنی تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، کیونکہ یہ مذہبی تشخص کو مضبوط کرنے اور معاشرتی بگاڑ و انحرافات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پورے سال قرآنی تعلیم کی طلب برقرار رہتی ہے، لیکن گرمیوں کی تعطیلات میں جب اسکول بند ہوتے ہیں، تو قرآنی کلاسز میں شرکت نمایاں حد تک بڑھ جاتی ہے۔

4293381

نظرات بینندگان
captcha