ایکنا نیوز، اخبار الخلیج نیوز کے مطابق ریڈیو اور سیٹلائٹ چینل قرآن شارجہ، جو ادارۂ نشریات شارجہ کے تحت کام کرتا ہے، نے کتابِ خدا کی خدمت کے ایک نئے اقدام کے تحت دو قاریوں کی مکمل قرآن کی تلاوت کو ریکارڈ کر کے اپنی نشریاتی پروڈکشن میں شامل کر لیا ہے۔ یہ دونوں تلاوتیں علی صلاح عمر (بحرین کے معروف قاری) اور شیخ عزالدین العوامی (متحدہ عرب امارات کے ممتاز قاری) کی آواز میں ہیں۔
یہ دو مکمل ختمِ قرآن کی ریکارڈنگ ایک سال کے مسلسل کام، تکنیکی ٹیم اور تجوید کے ماہر ناظمین کی باہمی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے، جو ریڈیو قرآن شارجہ کی اس دیرینہ کوشش کا حصہ ہے کہ سامعین کو، خواہ وہ امارات کے اندر ہوں یا بیرون ملک، قرآن کی صحیح اور معیاری تلاوت فراہم کی جائے۔
اس اقدام کا ایک اور مقصد یہ بھی ہے کہ قاریانِ قرآن کو یہ موقع فراہم کیا جائے کہ وہ اپنی آواز میں مکمل قرآن کی تلاوت کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کروا سکیں، جو مستقبل میں ریڈیو لہروں کے ذریعے نشر ہوتی رہے گی اور ان کے لیے باعثِ افتخار ہوگی۔
قاری علی صلاح عمر بحرین میں واقع "مسجد الفاتح" کے امام ہیں اور بحرین میں قرآن خوانی کی معروف شخصیت مانے جاتے ہیں۔ وہ مختلف قراءات پر عبور رکھتے ہیں اور ان کی تلاوت میں ایک مؤثر اور دل نشین صوتی انداز پایا جاتا ہے۔
شیخ عزالدین العوامی، شارجہ کے "منطقة خان" میں واقع "مسجد الالفة" کے امام اور خطیب ہیں۔ وہ اپنی متواضع ادائیگی، خوشآہنگ آواز اور پُراثر لحن کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور گزشتہ چند سالوں میں خصوصاً تراویح میں ابھرنے والے نمایاں قاریوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ریڈیو قرآن شارجہ نے ان دونوں قاریوں کے انتخاب سے قبل سوشل میڈیا کے ذریعے ایک عوامی رائے شماری (سروے) بھی کروایا، جس میں سامعین نے ان دونوں کی آواز میں مکمل ختمِ قرآن سننے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔
ریکارڈنگ کا یہ عمل ایک سال پر محیط رہا، جس میں ریکارڈنگ، جانچ، فنی ترمیم، اور پروڈکشن جیسے تمام مراحل شامل تھے۔ یہ ریکارڈنگز ریڈیو اسٹوڈیوز میں کی گئیں، جہاں تلاوت کو قراءت اور تجوید کے ماہرین نے باریک بینی سے جانچا اور درستگی کی تصدیق کی۔
ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد، آواز کی فنی تدوین و ترتیب کی گئی اور پھر اسے قرآن کریم کی سندی و تصدیقی کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا، جس کی سربراہی شیخ طاہر الاسیوطی کر رہے تھے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ریڈیو کے لیے قاری کا انتخاب ایک نہایت سخت اور علمی معیار پر مبنی مرحلہ ہوتا ہے۔ ابتدائی تلاوتیں شارجہ قرآن اکیڈمی، اسلامی امور کی اتھارٹی، قاسمیہ یونیورسٹی، قرآن و سنت فاؤنڈیشن شارجہ اور ریڈیو نیٹ ورک کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی کو پیش کی جاتی ہیں۔
جب تک یہ کمیٹی متفقہ طور پر قاری کو منظور نہ کرے، اسے اجازت نہیں دی جاتی۔ منظوری کے لیے ضروری ہے کہ قاری کی آواز انتہائی معیاری ہو اور وہ تجوید و قراءت کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرے۔/
4296807