ایکنا نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ منصوبہ دارالقرآن کریم حرم مطہر امام علی (ع) اور عراق کی قرآنی یونین کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے میں 250 سے زائد فعال قرآنی ادارے شریک ہیں، جن کے 250 قرآنی اسٹیشن عراق کے 12 صوبوں میں قائم کیے گئے ہیں۔
دارالقرآن کریم آستان مقدس علوی کے سربراہ علاء محسن نے کہا کہ اس منصوبے کی ابتدائی سرگرمیاں بصرہ صوبے کے "رأس البیشه" علاقے سے نعرہ "سمندر سے دریا تک" کے ساتھ شروع ہوئیں، تاکہ جنوبی عراق سے آنے والے زائرین کو مقدس شہر کربلا تک قرآنی تربیت و رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اسٹیشنوں پر ایک ہزار سے زائد مرد و خواتین قرآنی اساتذہ سورت الفاتحہ اور مختصر سورتوں کی تلاوت کی اصلاح کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
علاء محسن نے زور دیا کہ آستان مقدس علوی نے اس منصوبے کی حمایت میں 1,50,000 سے زائد تحائف زائرین کو دیے ہیں اور وسیع لاجسٹک تعاون بھی فراہم کیا ہے، جس میں پوسٹرز، کارڈز اور دیگر متعلقہ اشیاء شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اربعین کے لیے مخصوص یہ قومی قرآنی منصوبہ عراق کی سب سے اہم قرآنی سرگرمیوں میں سے ایک ہے، جس کا مقصد زائرین کے درمیان قرآنی ثقافت کو فروغ دینا، درست قرأت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور نماز کی تعلیم دینا ہے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ 18 صفر تک جاری رہے گا اور اس کی سرگرمیاں زائرین کی حرم حسینی میں آمد کے ساتھ ہی مقدس شہر کربلا میں مکمل ہو جائیں گی۔/
4296959