ایکنا نیوز- لبنانی خبررساں ادارے nna-leb کے مطابق جمعیت قرآن کریم لبنان کے زیرانتظام ایک نیا قرآنی مرکز اور "معروب" شہر کے شہداء کے نام پر مخصوص ہال باقاعدہ تقریب کے ساتھ افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر معروب کے میئر حسن فنیش، دینی شخصیات، سماجی کارکنان، علاقہ مکین اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
لبنانی پارلیمان میں "وفاداری بر مقاومت" بلاک کے رکن حسن عزالدین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کے قیام پر مبارکباد دی اور لبنان کی سیاسی صورت حال اور مزاحمت کی تحریک پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا:
"جب ہم مزاحمت کی بات کرتے ہیں تو ہمارا مطلب فرقہ واریت یا مذہب کی بنیاد پر مزاحمت نہیں ہوتا، بلکہ مزاحمت کے مجاہدین حق کے پیروکار ہیں۔ ان کا دین اور عقیدہ باطل کے خلاف کھڑے ہونے پر مبنی ہے۔"
انہوں نے فلسطین اور غزہ میں جاری نسل کشی کی دل دہلا دینے والی تصاویر کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ:
"دنیا ان مناظر کو دیکھ کر بھی ذرہ برابر ردعمل نہیں دیتی۔ ہم اپنے ان بہادر مجاہدین اور قائدین پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہماری عزت، وقار اور آزادی کی حفاظت کی۔"
عزالدین نے واضح کیا: "صہیونی دشمن کی حالیہ کارروائیاں محض خلاف ورزیوں تک محدود نہیں رہیں، بلکہ اب یہ لبنان پر مسلسل جارحیت کی شکل اختیار کر چکی ہیں، جن میں شدت وقتاً فوقتاً کم یا زیادہ ہوتی رہتی ہے۔ دشمن لبنان کی زمینی، فضائی اور بحری خودمختاری کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا: "دشمن بعض مقامات کو مزاحمت کی بنیاد کہہ کر ان پر بمباری، قتل و غارت، سرحدی خلاف ورزی اور گھروں کی تباہی جیسے جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، حالانکہ لبنانی فوج، یونیفیل فورس اور بین الاقوامی ادارے واضح طور پر اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ جنوب میں دریائے لیتانی کے اس پار مزاحمت کا کوئی انفرا اسٹرکچر موجود نہیں ہے۔ لبنان اور مزاحمتی تحریک نے جنگ بندی کی قرارداد اور اس کے نکات کی مکمل پابندی کی ہے، لیکن دشمن اپنی جارحیت پر بضد ہے۔"
آخر میں عزالدین نے زور دیا: "امریکہ اور اسرائیل ایک ایسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں جو ان کی حقیقت کو آشکار کرتی ہے۔ اسرائیل، امریکہ کا علاقائی ہتھیار ہے جو اس کے اشارے پر اقدامات کرتا ہے۔ جب اسرائیل ناکام ہوتا ہے تو امریکہ براہِ راست مداخلت کرتا ہے، جیسا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کے خلاف اس کی کارروائیوں میں واضح طور پر دیکھا گیا۔/
4297009