صوبہ کربلاء زائرین اربعین کے لیے آمادہ

IQNA

صوبہ کربلاء زائرین اربعین کے لیے آمادہ

5:55 - August 05, 2025
خبر کا کوڈ: 3518935
ایکنا: چہلم امام قریب ہے اور اس عظیم الشان مذہبی اجتماع میں 2 کروڑ سے زائد زائرین کی شرکت کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ کربلا نے زائرین کے استقبال کی بھرپور تیاری شروع کر دی ہے۔

ایکنا نیوز- "مڈل ایسٹ" نیوز کے مطابق احمد موسی العبادی، ترجمان وزارتِ بجلی عراق نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کی مسلسل فراہمی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور سڑکوں و مرکزی راستوں کو محفوظ بنانے کو حکومتی و مقامی سطح پر اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے مقدس حسینی اور عباسی روضوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ بجلی نے ایک ہنگامی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں بجلی کی لائنوں کی تقسیم، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، اور کربلا اور اس کی طرف جانے والے راستوں میں بجلی کے نیٹ ورکس کی مرمت و نگہداشت شامل ہے۔

العبادی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا اور خاص طور پر زائرین کے قیام، طبی مراکز اور موکبوں جیسے مقامات پر دباؤ کم کرنا ہے۔

دوسری جانب کربلا کی مقامی حکومت نے بھی کمانڈ آف آپریشنز اور خدماتی وزارتوں کے تعاون سے اور مقدس حسینی و عباسی روضوں کی براہ راست سرپرستی میں مربوط خدماتی و حفاظتی منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ نجف، واسط، اربیل، کرکوک اور المثنی صوبوں نے بھی خدماتی اہلکار اور سازوسامان کربلا کی مدد کے لیے روانہ کیے ہیں تاکہ زائرین کی بڑی تعداد اور ان کی ضروریات کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔

یہ تمام تیاریاں اس سرکاری پیش گوئی کے تناظر میں کی جا رہی ہیں کہ رواں سال زیارتِ اربعین میں زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ اس بڑے اجتماع کے کامیاب اور محفوظ انعقاد کے لیے مختلف خدماتی اور سیکیورٹی شعبوں کے درمیان اعلیٰ سطح کی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

اسی سلسلے میں عراق کے وزیر داخلہ اور زیارت اربعین کے لیے اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ، عبدالامیر الشمری نے زیارتِ اربعینِ امام حسینؑ کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی حتمی تیاریوں پر نظر رکھنے اور ان کی تکمیل کے احکامات جاری کیے ہیں۔/

 

4298123

نظرات بینندگان
captcha