ایکنا کے مطابق، پینسٹھویں بین الاقوامی قرآن کریم مقابلوں کی اختتامی تقریب گذشتہ روز کوالالمپور میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران مختلف شعبوں کے نمایاں پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا گیا۔ محسن قاسمی، جو سال 1403 میں ایران کے اوقاف و امور خیریہ کے زیر اہتمام منعقدہ قومی قرآن مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کر چکے ہیں اور اس بار ایران کے واحد نمائندے کے طور پر تحقیق قرات کے شعبے میں شریک ہوئے تھے، کوئی نمایاں مقام حاصل نہ کر سکے۔
تحقیق قرات مردانہ شعبے میں میزبان ملک ملائیشیا کے ایمن رضوان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انڈونیشیا اور ترکی کے نمائندوں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے تلاوت شعبے میں بھی ملائیشیا کی نمائندہ نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
حفظِ قرآن مردانہ شعبے میں جرمنی کے ایک مسلمان قاری نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ شام اور بھارت کے نمائندے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کے حفظِ قرآن کے شعبے میں شام، ملائیشیا اور لیبیا کی نمائندہ قاریات نے بالترتیب پہلی سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس بار کے ملائیشیا بین الاقوامی قرآن مقابلوں میں ایران کے سینئر قرآنی ماہر غلامرضا شاہ میوہ اصفہانی نے بطور جج شرکت کی۔
محسن قاسمی نے مقابلے کے دوران سورۂ مبارکہ "الانعام" کی آیات 11 تا 21 کی تلاوت کی۔