ایکنا نیوز- دارالمعارف کے مطابق، یوسف عامر، کمپنی المتحده کے دینی امور کے سربراہ نے بتایا کہ یہ ایپ قرآن حفظ کرنے کا ایک جدید ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے صارفین نہ صرف ترتیل اور تجوید کے ساتھ تلاوت سن سکتے ہیں بلکہ معروف قراء جیسے استاد عبدالباسط عبدالصمد، شیخ طبلاوی، منشاوی اور ریڈیو قرآن مصر کے منظور شدہ نوجوان قاریوں کی آواز سے بھی فیضیاب ہو سکتے ہیں۔
ایپ کی خصوصیات میں شامل ہیں:
قاری اور سورہ کا انتخاب
حفظ قرآن کے لیے تعلیمی خدمات، بشمول مصحف معلم (شیخ محمود خلیل حصری کی تعلیمی قرائت)
اوقات شرعیہ کی اطلاع اور قبلہ کی سمت کی تعیین
یوسف عامر نے مزید کہا کہ اس ایپ کے حتمی مرحلے میں دارالافتاء مصر کے فتاویٰ شامل کیے گئے ہیں، جو عقائد، عبادات، معاملات اور اخلاق سے متعلق ہیں، ساتھ ہی صارفین آن لائن فتویٰ کی درخواست دے کر فوری جواب حاصل کر سکیں گے۔
یہ ایپ صارفین کو سیٹلائٹ چینل مصر قرآن کریم کے لائیو پروگرامز دیکھنے کی سہولت بھی دیتی ہے، جو مصری قراء کی آواز میں تلاوت نشر کرتا ہے اور دو دن میں مکمل قرآن ختم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ حج و عمرہ سے متعلق احکام اور معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
کمپنی المتحده نے کہا ہے کہ وہ اس ایپ کو زیادہ سہل بنانے کے لیے کوشاں ہے اور چند خدمات جیسے منظورشدہ قراء کی آواز میں قرآن سننا، آف لائن بھی فراہم کی جائیں گی۔
یوسف عامر نے زور دیا کہ قرآنی و صوتی ایپس کی تیاری میں دقت اور احتیاط لازمی ہے کیونکہ بعض مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایپس میں غلطیاں پائی گئی ہیں اور انہوں نے تلاوت کے احکام کو مسخ کیا ہے، جبکہ «مصر قرآن کریم» ایک مستند اور قابلِ اعتماد ذریعہ ہے۔/
4300141