ایکنا نیوز کے مطابق، عالمی ادارہ تقریب مذاهب اسلامی کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سید عباس عراقچی، وزیر خارجہ، نے منگل ۱۸ کی صبح وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور ۳۹ ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں کے ساتھ مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا: مجھے خوشی ہے کہ اس اجلاس میں شرکت کا موقع ملا۔ میں حجت الاسلام والمسلمین حمید شهریاری، سیکرٹری جنرل تقریب مذاهب اسلامی، کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یہ نشست منعقد کی اور مجھے مدعو کیا۔ اس معزز اجتماع میں موجود ہونا میرے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے میلاد رسول اکرم ﷺ کی آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرنور ایام اسلامی اتحاد پر بات چیت اور امت اسلامی کو درپیش خطرات کے جائزے کے لیے قیمتی موقع ہیں۔ ہفتۂ وحدت اس اہم موضوع پر غور کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سال عید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت اس وجہ سے بھی زیادہ ہے کہ یہ واقعہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کے ۱۵۰۰ ویں سال کے ساتھ مصادف ہے۔ اسی مناسبت سے اسلامی دنیا میں پہلے سے زیادہ عظیم الشان تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ اسی وجہ سے ہم نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس میں تجویز دی کہ اس سال کو "سالِ وحدت" قرار دیا جائے اور اس کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں، جسے پذیرائی بھی ملی۔
عراقچی نے مزید کہا: اگر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی امت متحد ہو جائے تو وہ عظیم صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ترقی اور عروجِ اسلام کی راہیں ہموار کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا: جب ہم میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منا رہے ہیں، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارے فلسطینی بھائی بہن، بالخصوص غزہ کے عوام، روزانہ کھلی نسل کشی کا شکار ہیں۔ صیہونی رژیم بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے نہتے عوام کو دباؤ میں رکھے ہوئے ہے۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی دنیا کے لیے باعثِ افسوس ہے کہ ایسے المناک واقعات پر کوئی بامعنی ردعمل نہیں دیا جا رہا۔ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ اتحاد ہے، کیونکہ یہ خطرہ صرف فلسطین تک محدود نہیں رہے گا بلکہ جیسا کہ ہم نے دیکھا، لبنان، شام اور حتیٰ کہ ایران پر حملوں میں بھی اس کے اثرات ظاہر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی اتحاد ضروری ہے۔ صرف قراردادیں پاس کرنا کافی نہیں، بلکہ حقیقی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔/
4304208