رہنما انصارالله: صہیونی مظالم امریکی حمایت سے

IQNA

رہنما انصارالله: صہیونی مظالم امریکی حمایت سے

15:44 - September 27, 2025
خبر کا کوڈ: 3519222
انصاراللہ یمن رہنما کا کہنا ہے کہ صہیونی حکومت دو سال سے امریکی حمایت کے ساتھ غزہ میں نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایکنا نیوز، المسیرہ نیوز نے رپورٹ کیا کہ یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے تازہ خطاب میں ملک اور خطے کی صورتحال بالخصوص غزہ پر صہیونی جارحیت کے تسلسل پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ دو سال مکمل ہونے کو ہیں اور اسرائیلی دشمن غزہ کے عوام کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت اور نسل کشی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ قابض دشمن غزہ کے عوام کو بھوک اور پیاس سے دوچار کر کے محاصرے میں رکھ رہا ہے اور حملوں سے ان کی مصیبتیں بڑھا رہا ہے۔

مغربی کنارے کی صورتحال

الحوثی نے کہا کہ یہودی نئے سال کے موقع پر اسرائیلی دشمن نے مسجد الاقصی پر اپنے حملے اور قدس کے عوام پر پابندیاں تیز کر دی ہیں۔ اس نے وضاحت کی کہ دشمن صہیونی مختلف مظالم کے ذریعے مغربی کنارے کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کر رہا ہے۔ خاص طور پر الخلیل شہر پر حملوں اور مظالم میں اضافہ ہوا ہے تاکہ اس پر مکمل کنٹرول حاصل کیا جا سکے، کیونکہ یہ فلسطین کا دوسرا مقدس ترین شہر سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دشمن بتدریج مغربی کنارے پر مکمل تسلط کا خواہاں ہے۔

امریکی حمایت

انصاراللہ کے رہبر نے کہا کہ صہیونی جرائم عالمی سطح پر عیاں اور مذمت شدہ ہیں، مگر ان کے تسلسل کی اصل وجہ امریکہ کی براہِ راست پشت پناہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کے استعمال اور حال ہی میں 250 ارکانِ کانگریس پر مشتمل ایک بے مثال وفد کو اسرائیل بھیجنے کے ذریعے اپنی کھلی حمایت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

فلسطینی مزاحمت کی تعریف

الحوثی نے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی کارروائیوں کو سراہا اور خاص طور پر القسام بریگیڈز کے محلہ شیخ رضوان میں آپریشن اور القسام و سرایا القدس کی مشترکہ راکٹ حملوں کا ذکر کیا جنہوں نے دشمن کے جنوب اور مغرب میں اہداف کو نشانہ بنایا۔

عرب ممالک پر تنقید

انہوں نے عرب ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ جدید ترین ہتھیار بلا رکاوٹ اسرائیل کو فراہم کر رہا ہے، بعض عرب حکومتیں فلسطینی عوام کی مدد کرنے کے بجائے مزاحمت کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

لبنان پر مؤقف

انصاراللہ کے رہبر نے اسرائیل کے لبنان پر حملوں اور وہاں کی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ لبنانی حکومت "کمزور، ذلیل اور امریکہ و اسرائیل کی تابع" ہے۔  

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے خلاف لبنانی حکومت کا رویہ ایک "احمقانہ اقدام" ہے جو نہ لبنان کی حفاظت کرے گا اور نہ اس کی خودمختاری کی ضمانت دے گا۔

سید حسن نصراللہ کی برسی

الحوثی نے مزید کہا کہ حزب اللہ اور لبنانی مزاحمت شہید سید حسن نصراللہ کی برسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے سابق دبیرکل حزب اللہ کو "اسلام اور انسانیت کا شہید" قرار دیا اور کہا کہ حزب اللہ کا کردار خطے کو امریکی ـ صہیونی منصوبوں کے مقابلے میں ڈھال فراہم کرنا ہے۔/

 

4307046

نظرات بینندگان
captcha