مصری استاد؛ لیبیا قرآنی مقابلوں میں سال کی شخصیت

IQNA

مصری استاد؛ لیبیا قرآنی مقابلوں میں سال کی شخصیت

6:44 - October 05, 2025
خبر کا کوڈ: 3519264
ایکنا: الازہر کی قرآن ریویو کمیٹی کے سربراہ، شیخ عبدالکریم صالح کو بین الاقوامی قرآنی مقابلہ “ لیبیا ایوارڈ” میں سال 2025 کی قرآنی شخصیت کے طور پر منتخب اور اعزاز سے نوازا گیا۔

ایکنا نیوز- روزا الیوسف کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ عبدالکریم صالح، جو الازہر کی قرآن بازنگری کمیٹی اور پورٹ سعید بین الاقوامی قرآن و ابتهال خوانی مقابلے کے ججنگ بورڈ کے سربراہ ہیں، کو قرآن کریم کی خدمت اور علوم قرآنی کے فروغ کے سلسلے میں ان کی وسیع علمی و عملی خدمات کے اعتراف میں سیزدھم بین الاقوامی قرآن مقابلہ "جائزہ لیبیا" کی آرگنائزنگ کمیٹی نے یہ اعزاز دیا۔

شیخ عبدالکریم صالح نے قرآنِ کریم اور اس کے علوم کی خدمت کے لیے متعدد نمایاں مناصب پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ نہ صرف مختلف بین الاقوامی قرآن و ابتهال خوانی مقابلوں کے ججنگ بورڈ کے سربراہ رہ چکے ہیں بلکہ الازہر کے مجمعِ تحقیقاتِ اسلامی میں قرآنِ کریم ریویو کمیٹی کے صدر بھی ہیں۔

مزید برآں وہ جامعہ الازہر کے کالج آف قرآن میں تفسیر، علومِ قرآنی اور قراءات کے استاد ہیں اور اس سے قبل وہ اسی کالج کے تفسیر و علومِ قرآنی شعبے کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

شیخ صالح مصر اور بیرونِ ملک میں ہونے والے بین الاقوامی قرآن مقابلوں کے ممتاز ججوں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے مکہ، دبئی، بحرین، لیبیا اور سوڈان میں الازہر کی نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے مصر اور عرب دنیا کی مختلف جامعات میں درجنوں علمی مقالوں اور تحقیقی تھیسسز کی نگرانی کی ہے اور وہ قراءات کے اجازت ناموں کی کمیٹیوں اور قرآنی علوم کے تخصصی جرائد کے اداری بورڈ کے رکن بھی ہیں، جس سے وہ اپنے دور کی نمایاں قرآنی علمی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔

عادل مصیلحی، جو مصر کے ایک معروف میڈیا تجزیہ کار ہیں، نے اس اعزاز کو پورٹ سعید بین الاقوامی قرآن مقابلوں کے لیے ایک بڑی پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ: عبدالکریم صالح کا انتخاب اس مقابلے کی عالمی حیثیت کو مزید مستحکم اور بلند کرتا ہے، اور ججنگ بورڈ کے اراکین کے اعلیٰ علمی و تجرباتی معیار کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ نواں بین الاقوامی قرآن حفظ و تلاوت مقابلہ پورٹ سعید، شیخ محمود علی البنا کے نام سے منسوب ہوگا اور یہ 30 جنوری تا 2 فروری 2026 منعقد ہوگا، جس میں مصر سمیت متعدد عرب و غیر عرب ممالک کے درجنوں قراء اور حفاظ شرکت کریں گے۔/

 

4308623

ٹیگس: لیبیا ، قرآنی ، شخصیت
نظرات بینندگان
captcha