ایکنا نیوز، الجزیرہ کے حوالے سے خبر ہے کہ قطر چیریٹی (Qatar Charity) نے جولائی 2024 سے جولائی 2025 کے دوران بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں 256 مکمل طور پر سہولت یافتہ مساجد تعمیر کی ہیں۔ یہ مقدس مقامات دیہی اور نیم شہری علاقوں میں 51 ہزار سے زائد نمازیوں کے لیے عبادت اور سکون کا ماحول فراہم کر رہے ہیں۔
قطر چیریٹی نے بتایا کہ عارضی اور کمزور نمازگاہوں کی جگہ پختہ اور مکمل طور پر سازوسامان سے آراستہ مساجد نے لے لی ہے۔ ہر مسجد میں وضو خانہ، جائے نماز، روشنی کا انتظام، پنکھے اور لاؤڈ اسپیکر موجود ہیں، جو نماز، تعلیم اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ایک موزوں ماحول فراہم کرتے ہیں۔
یہ منصوبہ ان علاقوں کی شدید ضرورت کو پورا کرتا ہے، جہاں پہلے نمازی ٹن یا مٹی کے کمزور ڈھانچوں میں نماز ادا کرتے تھے، جو نہ محفوظ تھے اور نہ آرام دہ۔ بارش کے موسم میں ان عمارتوں کے فرش پانی میں ڈوب جاتے تھے، جبکہ گرمیوں میں ہوا اور پنکھوں کی کمی کے باعث باجماعت نماز ادا کرنا نہایت دشوار ہوتا تھا۔
مزید برآں، قطر چیریٹی نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بنگلہ دیش بھر میں 600 سے زائد مساجد تعمیر کی ہیں، جن سے 1,50,000 سے زیادہ نمازیوں کو محفوظ اور آرام دہ ماحول میں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کا موقع ملا ہے۔/
4309563