روسی قرآنی مقابلوں میں استاد طاروطی کی حوصلہ افزائی

IQNA

روسی قرآنی مقابلوں میں استاد طاروطی کی حوصلہ افزائی

6:07 - October 20, 2025
خبر کا کوڈ: 3519346
ایکنا: روس فیڈریشن کے مذہبی امور کے ادارے نے مصر کے صوبہ الشرقیہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز قاری اور مصر کی قراء یونین کے نائب صدر عبدالفتاح الطاروطی کو سال کی نمایاں قرآنی شخصیت کے طور پر اعزاز سے نوازا۔

ایکنا نیوز- قاہرہ 24 کے حوالے سے بتایا  جاتا ہے کہ استاد عبدالفتاح الطاروطی، روس میں ہونے والے بین الاقوامی قرآن کریم مقابلوں میں شرکت کے لیے ماسکو روانہ ہوئے تھے، جہاں اختتامی تقریب کے دوران انہیں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔

روس کے مسلمانوں کے مذہبی امور کے ادارے کی قیادت نے شیخ عبدالفتاح الطاروطی کو ان کی قرآنی خدمات، تلاوتِ قرآن کی سنت کو زندہ رکھنے کی کوششوں، ممتاز قراء کے طرزِ تلاوت کو فروغ دینے اور طاروطی انسٹیٹیوٹ میں قراء و حفاظ کی تربیت کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرنے پر سال کی بہترین قرآنی شخصیت قرار دیا۔

شیخ الطاروطی نے اپنے فیس بک پیغام میں لکھا: اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کا شکر گزار ہوں۔ آج ہمیں قرآن کی تلاوت کی سنت کو زندہ کرنے، ممتاز قراء کے نقشِ قدم پر چلنے اور قاریوں و تواشیح خوانوں کی تربیت کے میدان میں اپنی خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز روس کے مسلمانوں کے مذہبی امور کے ادارے کی جانب سے ماسکو میں بین الاقوامی قرآن مقابلوں کے اختتام پر عطا کیا گیا۔

عبدالفتاح الطاروطی 1965ء میں مصر کے صوبہ الشرقیہ کے شہر الزقازیق سے ملحقہ گاؤں طاروط میں پیدا ہوئے۔ تین سال کی عمر میں انہیں قرآن حفظ کے لیے مکتب بھیجا گیا، اور آٹھ سال کی عمر میں قرآن مکمل حفظ کیا۔ ان کے استاد شیخ النجار نے ان کی قرآنی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں انہوں نے جامعہ ازہر میں دینی تعلیم حاصل کی، جہاں ان کے اساتذہ میں شیخ سعید عبدالصمد، شیخ محمد اللیثی، شیخ الشحات انور، اور شیخ محمد ہلیل شامل تھے۔ وہ کلیہ اصول الدین سے اعلیٰ کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل ہوئے۔

شیخ الطاروطی نے 1996ء میں امریکہ کے اوکلینڈ اسلامک سینٹر، کیلیفورنیا کی دعوت پر اور 2000ء میں اسپین کے اسلامک سینٹر ملک خالد میں رمضان المبارک کی تقریبات کے لیے شرکت کے دوران بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی۔

انہوں نے اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات اور خدمتِ قرآن کے لیے وقف کر دیا، اور قرآن کی خدمات کے اعتراف میں جامعہ اسلامیہ البنوریہ (پاکستان) نے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ (PhD) سے نوازا۔ اس طرح وہ شیخ عبدالباسط عبدالصمد کے بعد دوسرے قاری ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔/

 

4311571

نظرات بینندگان
captcha