قرآنی خطاطی؛ عمانی طلباء کا ثقافتی پروجیکٹ

IQNA

قرآنی خطاطی؛ عمانی طلباء کا ثقافتی پروجیکٹ

6:52 - February 02, 2026
خبر کا کوڈ: 3519875
ایکنا: عمان کی نزوی یونیورسٹی نے خطاطی کی ایک ورکشاپ کے انعقاد کے ذریعے ایک خطی قرآن مجید کو اپنی لائبریری کے لیے ایک قیمتی علمی و ثقافتی شاہکار میں تبدیل کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

ایکنا نیوز- عمان ڈیلی نیوز کے مطابق نزوی یونیورسٹی نے قرآن کریم کے چھ پاروں کی کتابت مکمل کر لی ہے۔ یہ ایک علمی و ثقافتی منصوبہ ہے جو تکمیل کے بعد عمان کے دینی اور ثقافتی ورثے میں ایک بیش قیمت اضافہ ثابت ہوگا۔

یہ منصوبہ، جس کی تکمیل میں اندازاً دو سال لگنے کی توقع ہے، نزوی یونیورسٹی کی جانب سے عمان کی وزارتِ اوقاف و مذہبی امورِ  کی نگرانی میں جاری ہے۔ اس سے قرآنِ کریم کی خدمت اور عربی خطاطی کے اصیل فن کے تحفظ کے لیے یونیورسٹی کے عزم کا اظہار ہوتا ہے، جو خطاطی کی ورکشاپ "زخرف" کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔

نزوی یونیورسٹی میں ورکشاپ زخرف کے نگران اور اس قرآن کی کتابت کے ذمہ دار علی مزید نے کہا کہ خطاطی شدہ قرآن کا خیال کچھ عرصہ قبل نزوی یونیورسٹی کے ایک منفرد منصوبے کے طور پر اسی ورکشاپ کے ذریعے پیش کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کو یونیورسٹی انتظامیہ کی بھرپور پذیرائی اور تعاون حاصل ہوا، کیونکہ یہ ورکشاپ کی نمایاں کامیابیوں میں سے ایک اور اس میدان میں کام اور تخلیقی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اس منصوبے کے ذریعے قرآن کریم کو اپنی لائبریری کے لیے ایک قیمتی علمی و ثقافتی اثر میں تبدیل کرنا چاہتی ہے، اور یہ واقعی ایک اہم دینی و ثقافتی منصوبہ ہے۔

علی مزید نے کتابت کے لیے منتخب کیے گئے خطاطی کے اسلوب کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ قرآن کے بیرونی سرورق کے لیے نہایت نفیس رنگوں اور مخصوص اسلامی نقش و نگار کا انتخاب کیا گیا ہے، جبکہ کتابت کے لیے خطِ نسخ استعمال کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ پڑھنے کے لیے نہایت واضح اور آسان ترین خطوط میں سے ایک ہے اور قرآن مجید کے نسخوں کی تحریر و قرأت میں سب سے زیادہ رائج ہے۔

منصوبے کی تکمیل کے متوقع وقت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آیات کی کتابت میں غیر معمولی دقت، مسلسل توجہ اور مقررہ اصولوں کے مطابق معیار بندی کی وجہ سے اس منصوبے پر کام مکمل ہونے میں پورے دو سال لگنے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کے فضل سے اب تک قرآن کریم کے چھ پارے مکمل ہو چکے ہیں اور کام بغیر کسی نمایاں مشکل یا چیلنج کے بخوبی جاری ہے۔

علی مزید نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کی شمولیت منصوبے کے ابتدائی مراحل تک محدود رہی ہے، جن میں لائنوں کی ترسیم اور قرآن کریم کی کتابت کے لیے استعمال ہونے والے کاغذ پر فاصلوں کی درستگی کو یقینی بنانا شامل ہے۔

منصوبے کے نگران نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت عربی خطاطی میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک نہایت قیمتی تعلیمی موقع فراہم کرتی ہے، جو قرآن کریم کی کتابت کے لیے درکار سخت اور دقیق معیارات کی پابندی کے ساتھ ساتھ ان کی مہارتوں میں اضافے اور درست تحریری اصولوں کے فہم کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔/

 

4331583

نظرات بینندگان
captcha