جان پر کھیل کر بچوں کو نجات دینے پر ایرانی نرس کو خراج پیش

IQNA

جان پر کھیل کر بچوں کو نجات دینے پر ایرانی نرس کو خراج پیش

8:13 - May 07, 2026
خبر کا کوڈ: 3520186
ایکنا: عراق میں ایرانی ثقافتی کونسل نے ایرانی نرس محترمہ ندا سلیمی کے بہادرانہ اقدام کے بعد، جنہوں نے نازک لمحات میں تین نومولود بچوں کو یقینی خطرے سے بچایا، ایک پیغام میں اس خاتون کی بے مثال شجاعت کو سراہا۔

ایکنا نیوز- عراق میں ایران کی ثقافتی کونسل کے حوالے سے جاری بیان میں، ایران کے ثقافتی مشیر نے ندا سلیمی کے نام اپنے پیغام میں انہیں مسلم خواتین کی جرات کی ایک بے نظیر مثال قرار دیا اور تاکید کی کہ آپ کی یہ عالمی نوعیت کی قربانی، جس کے ذریعے آپ نے انسانی ہمدردی اور ذمہ داری کے جذبے کے تحت معصوم بچوں کی جان بچائی، ہمیشہ کے لیے ایک مثالی نمونہ رہے گی۔ یہ قابلِ قدر اقدام ایک دوست اور قدر دان قوم کی جانب سے اعلیٰ ترین ستائش کا مستحق ہے۔

ندا سلیمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس خوفناک واقعے کے لمحات کو بیان کرتے ہوئے کہا: ان نازک لمحات میں خوف انسان پر غالب آجاتا ہے، لیکن جس چیز نے مجھے حرکت میں لایا وہ ان تین نومولود بچوں کے لیے احساسِ ذمہ داری تھا۔ وہ اللہ کی امانت تھے جن کی پیدائش کو ابھی ایک گھنٹہ بھی نہیں گزرا تھا اور ان کی مائیں آپریشن تھیٹر میں تھیں۔ جب میں نے ان کے معصوم چہروں کو دیکھا تو ایک لمحے میں محبت نے خوف پر قابو پالیا اور میں نے انہیں گود میں لے کر بچانے کا فیصلہ کیا۔

اس فداکار نرس نے اس سوال کے جواب میں کہ جب یہ بچے بڑے ہوں گے تو آپ ان کے لیے کیا پیغام دیں گی، کہا: میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ تم اللہ کی طرف سے زندگی کا تحفہ ہو۔ کبھی نہ بھولو کہ زندگی ایک معجزہ ہے جسے محبت اور ایمان کی ضرورت ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں مفید اور خدمت گزار انسان بنیں گے اور جس طرح ہم نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، وہ بھی مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں اور امت مسلمہ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

سلیمی نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں کہا کہ نرسنگ صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نرسنگ میں کامیابی صرف فنی مہارت پر منحصر نہیں بلکہ انسانیت کا فن اور محبت سے بھرپور دل رکھنا بھی ضروری ہے۔ ایک کامیاب نرس وہ ہے جو مریض کی تکلیف کے تاریک ترین لمحات میں اس کے دل میں امید کی روشنی پیدا کرے۔

اس آن لائن نشست میں مختلف اسپتالوں اور صحت مراکز کے منتخب نرسوں اور منتظمین، یونیورسٹی اساتذہ اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی اور اس نرس کے بہادرانہ اور ایثار پر مبنی عمل کو سراہتے ہوئے ان کے لیے محبت اور قدردانی کا اظہار کیا، اور انہیں ایک باوقار اور باعمل مسلم خاتون کا مثالی نمونہ قرار دیا۔/

 

4350630

نظرات بینندگان
captcha