حرمین شریفین میں گرمی سردی اور روشنائی کی جدید ترین آلات کی تنصیب

IQNA

حرمین شریفین میں گرمی سردی اور روشنائی کی جدید ترین آلات کی تنصیب

8:50 - May 25, 2026
خبر کا کوڈ: 3520252
ایکنا: حرمین میں جدید ترین کولنگ اور اسمارٹ لائٹنگ سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔ یہ نظام دنیا کے سب سے بڑے ٹھنڈک اور روشنی کے منصوبوں میں شمار ہوتے ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے لاکھوں زائرین کے آرام اور تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔

ایکنا نیوز- سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق ادارۂ امورِ مسجد الحرام و مسجد النبی نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں حج سیزن کے لیے جدید عالمی ٹیکنالوجی سے حرمین شریفین کے فنی اور عملیاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ زائرین کے لیے محفوظ، پُرسکون اور عبادت کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔

بیان کے مطابق مسجد الحرام اس وقت دنیا کے سب سے بڑے کولنگ سسٹمز میں سے ایک کا حامل ہے، جس کی مجموعی گنجائش 155 ہزار ٹن ریفریجریشن ہے۔ اس میں “الشامیہ” اسٹیشن کی گنجائش 120 ہزار ٹن جبکہ "اجیاد" اسٹیشن کی گنجائش 35 ہزار ٹن ہے۔

یہ نظام پانی کو 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا کرکے کام کرتا ہے، جس کے بعد ٹھنڈا پانی مربوط نیٹ ورک کے ذریعے ایئر کنڈیشننگ یونٹس تک پہنچایا جاتا ہے۔ حرارتی تبادلے کے عمل کے بعد صاف اور ٹھنڈی ہوا پورے مسجد الحرام میں فراہم کی جاتی ہے۔

توسیعی منصوبوں کے تحت تمام ایئر کنڈیشننگ یونٹس کو جدید بنایا گیا ہے اور ہیٹ ایکسچینجرز کو نئے ماڈلز سے تبدیل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہوا کو صاف رکھنے والے فلٹرز کو باقاعدگی سے تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان برقرار رہے۔

یہ پورا نظام 77 اسمارٹ حرارتی سینسرز کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے، جو زائرین کے رش خصوصاً اوقاتِ ازدحام کے مطابق کولنگ سسٹم کی کارکردگی کو منظم کرتے ہیں۔ مزید برآں 95 فیصد مؤثر ایئر فلٹریشن سسٹم اور مسلسل مینٹیننس پروگرام اس نظام کی پائیداری کو یقینی بناتے ہیں۔

اسی طرح  مسجد نبوی میں بھی دنیا کے بڑے مرکزی کولنگ سسٹمز میں شامل ایک جدید پلانٹ قائم کیا گیا ہے، جو مسجد نبویؐ سے 7 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ اس میں 6 بڑے کولنگ یونٹس شامل ہیں، جن میں ہر یونٹ کی گنجائش 3400 ٹن ہے، جبکہ ٹھنڈا پانی منتقل کرنے کے لیے 7 مرکزی پمپ نصب کیے گئے ہیں۔

حجاج کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے  مسجد الحرام میں 224 برقی سیڑھیاں اور 22 لفٹس نصب کی گئی ہیں، جو ایک گھنٹے میں دو لاکھ سے زائد زائرین کو سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ جبکہ  مسجد نبوی میں 180 برقی سیڑھیاں اور 25 لفٹس فعال ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین میں روشنی کے نظام کو بھی نمایاں طور پر وسعت دی گئی ہے۔  مسجد الحرام  میں اس وقت 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد روشنیاں اور 6900 جھاڑ فانوس نصب ہیں، جبکہ مسجد نبوی میں 1 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ مربوط LED لائٹس استعمال کی جا رہی ہیں۔

یہ تمام لائٹنگ سسٹمز اسمارٹ بلڈنگ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کنٹرول کیے جاتے ہیں، جہاں نماز کے اوقات اور زائرین کی تعداد کے مطابق روشنی کی شدت خودکار انداز میں کم یا زیادہ کی جاتی ہے۔/

 

4353646

نظرات بینندگان
captcha