ایکنا نیوز- رہبرِ شہید انقلابِ اسلامی کی رسمِ وداع میں دنیا بھر سے مختلف مذاہب کے نمائندوں کی شرکت نے اتحاد، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت تصویر پیش کی۔
کرغزستان کے آرتھوڈوکس چرچ کے آرچ بشپ اور وسطی ایشیا ہیومن رائٹس گروپ میں کرغزستان کے نمائندے سرگی زاگربلنی نے ایکنا سے گفتگو کرتے ہوئے مذاہب کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کے حوالے سے رہبرِ شہید انقلاب کے نظریات کی وضاحت کرتے ہوئے مذہبی مشترکات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا:
اسلام اور مسیحیت دونوں ایک ہی خدا پر ایمان رکھتے ہیں، اور جن لوگوں نے آسمانی کتابوں کا مطالعہ کیا ہے، وہ جانتے ہیں کہ ان تمام مقدس کتابوں میں انسانوں کے باہمی تعلقات اور ایک دوسرے کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دی گئی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ کسی دین پر ایمان رکھتے ہیں، انہیں ایک دوسرے کے ساتھ بھی اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہمارے لیے یہ اہم نہیں کہ کسی شخص کا عقیدہ کیا ہے، کیونکہ ان عقائد کے بنیادی اصول مقدس کتابوں میں واضح طور پر بیان کیے گئے ہیں۔ ہم نے تہران شہر میں خود دیکھا کہ لوگ کس قدر آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔
وسطی ایشیا ہیومن رائٹس گروپ میں کرغزستان کے نمائندے نے رہبرِ شہید انقلاب کی جانب سے مختلف مذاہب کے مقدسات کی توہین کی ممانعت پر مسلسل زور دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہم جانتے ہیں کہ وہ مختلف مذاہب اور ان کے نمائندوں کے احترام کے قائل تھے، اور یہی وجہ ہے کہ مختلف ادیان کے نمائندے ان کی آخری رسومات میں شرکت اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تہران آئے تھے۔
آرچ بشپ سرگی زاگربلنی نے رہبرِ شہید انقلاب کی رسمِ وداع میں عالمی وفود کی شرکت کا جائزہ لیتے ہوئے ایران کو تہذیب اور معنویت کا گہوارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ایران ایک ایسا ملک ہے جو ایک طرف عظیم روحانی ورثے کا حامل ہے اور دوسری جانب فردوسی کی لازوال تصنیف شاہنامہ جیسی گراں قدر تہذیبی و اساطیری میراث بھی اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ شاہنامہ فردوسی میں ہم دیکھتے ہیں کہ کسی بھی حکومت کے مدیران، رہنما اور حکام کو الٰہی مقاصد کے حصول کے لیے کام کرنا چاہیے۔ جب کسی ملک کے نظامِ حکمرانی میں یہ طرزِ فکر موجود ہو تو قوم بھی اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ درحقیقت یہی نقطۂ نظر تھا جس نے ایران کو دنیا کی اولین تہذیبوں میں ممتاز مقام عطا کیا، اور آج بھی ہم ایران میں اس فکر کے تسلسل کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

کرغزستان کے اس مسیحی مذہبی رہنما نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں ایران میں مسیحی اقلیت کو حاصل مذہبی آزادی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے رہبرِ شہید انقلاب کی خصوصی تاکید کا بھی ذکر کیا۔/
4362806