ایکنا نیوز- اناطولیہ نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی-8 (D-8) کے زیرِ اہتمام حلال ایکسپو 2026 کا باضابطہ افتتاح جمعرات کے روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کیا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس نمائش کا انعقاد ڈی-8 تنظیم کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق "حلال ایکسپو 2026 – انڈونیشیا" کا افتتاح رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، سفارت کاروں اور سرکاری نمائندوں کی موجودگی میں ہوا۔
پانچ روزہ اس نمائش کا موضوع "بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ڈی-8 ممالک میں حلال معیشت کا فروغ" رکھا گیا ہے۔ اس میں وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور صنعت کار شریک ہو رہے ہیں۔
ڈی-8 کے سیکریٹری جنرل سہیل محمود نے اپنے ویڈیو پیغام میں حلال معیشت کے فروغ میں انڈونیشیا کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے اس نمائش کو سالانہ بنیادوں پر منعقد کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی-8 کے رکن ممالک کی مجموعی آبادی 1.28 ارب سے زائد ہے، جبکہ ان کی مشترکہ مجموعی قومی پیداوار (GDP) 5 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔
سہیل محمود نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلم اکثریتی ممالک کی حلال شعبے کی عالمی ویلیو چین میں اب بھی محدود حصہ داری ہے۔
انہوں نے رکن ممالک کے درمیان حلال تجارتی راہداری (Halal Trade Corridor)، ڈیجیٹل حلال مارکیٹ اور مشترکہ سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے قیام کی تجویز پیش کی۔ اس کے علاوہ تحقیق، اختراع، بایوٹیکنالوجی اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی زور دیا۔
نمائش میں بین الاقوامی پویلین، سرمایہ کاری فورمز، کاروباری ملاقاتیں اور ماہرین کے مکالمے شامل ہیں، جن کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ڈی-8 کے بانی رکن ممالک میں ترکیہ، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا اور پاکستان شامل ہیں، جو اسے عالمِ اسلام کی اہم معیشتوں پر مشتمل ایک مؤثر اقتصادی پلیٹ فارم بناتے ہیں۔
یہ تنظیم اپنے رکن ممالک کی عالمی معیشت میں مؤثر شمولیت، تجارتی تعلقات کے نئے مواقع پیدا کرنے، بین الاقوامی فیصلہ سازی کے نظام میں ان کی نمائندگی بڑھانے اور متبادل و قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔/
4363694