ایکنا نیوز- روضۂ مقدس علوی کی کمیٹی برائے معاونتِ حسینی موکب نے اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کی خدمت انجام دینے والے موکبوں میں ضروری سامان کی تقسیم شروع کر دی ہے۔
اس منصوبے کے تحت نجف اشرف کے قدیمی شہر اور روضۂ مبارک امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے اطراف قائم خدمت گزار موکبوں میں غذائی پیکجز اور پینے کا صاف پانی تقسیم کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ نجف اشرف میں آنے والے لاکھوں زائرینِ اربعین کو بہترین سہولیات فراہم کر سکیں۔
کمیٹی برائے معاونتِ حسینی موکب کے سربراہ احمد نجم الرکابی نے بتایا کہ ہر موکب کے لیے مختص امدادی پیکج میں چاول، خوردنی تیل، ٹماٹر کا پیسٹ اور دیگر ضروری غذائی اشیاء شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موکبوں کی ضرورت کے مطابق پینے کے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، تاکہ وہ اس عظیم زیارت کے دوران زائرین کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی ایک منظم فیلڈ پلان کے تحت امدادی سامان کی تقسیم کر رہی ہے، تاکہ تمام مستحق موکب اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ یہ اقدام رضاکارانہ خدمات کو فروغ دینے، خدمتِ زائرین کے جذبے کو تقویت بخشنے اور اربعین حسینی کی تقریبات کے شایانِ شان انعقاد میں معاونت کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔/
4364801