بحرینی علماء کی جانب سے آیت‌الله عیسی قاسم کے بیان کا خیرمقدم

IQNA

بحرینی علماء کی جانب سے آیت‌الله عیسی قاسم کے بیان کا خیرمقدم

8:23 - July 21, 2026
خبر کا کوڈ: 3520482
1
ایکنا: جمعیت علمائے بحرین نے آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کے بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

ایکنا نیوز- جمعیت الوفاق الوطنی بحرین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعیت علمائے بحرین نے آیت اللہ شیخ عیسیٰ احمد قاسم کے اس بیان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا ہے، جس میں بحرین کے شیعہ مسلمانوں کو درپیش وجودی خطرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ علماء نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کی کارروائیاں صرف افراد کو نہیں بلکہ ایک قدیم مذہبی شناخت کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔

علمائے بحرین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا: جب ظلم عام ہو جائے، حق کی توہین کی جائے اور اہلِ علم کی عزت و آزادی کو نشانہ بنایا جائے تو ایسے شخص کے لیے، جو علم اور دین کی امانت کا حامل ہو، خاموشی جائز نہیں رہتی۔ ایسے حالات میں حق بات کہنا، واضح مؤقف اختیار کرنا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی مصلحت یا تاخیر کی گنجائش نہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بحرین میں مکتبِ تشیع اور شیعہ مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی زیادتیوں، علماء، خطباء اور مبلغین پر دباؤ، متعدد جید علماء اور نوجوانوں کی گرفتاری، مذہبی شعائر کی علانیہ مخالفت اور جعفری اوقاف پر قبضے جیسے اقدامات انتہائی تشویش ناک ہیں۔

علماء نے کہا کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسیٰ احمد قاسم کی اس آواز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، جنہوں نے دیانت داری کے ساتھ بحرین میں شیعہ مسلمانوں کو درپیش تلخ حقائق کو بیان کیا اور اس سنگین خطرے کی درست تشخیص پیش کی۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بحرین کے شیعہ مسلمانوں کے سیاسی اور تمام شہری حقوق بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقوق ہیں۔ یہ کسی کی عطا یا احسان نہیں بلکہ دینی اور قانونی حقوق ہیں، جنہیں مؤخر کرنا یا ان سے محروم کرنا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔

جمعیت علمائے بحرین نے انتہائی سخت الفاظ میں علماء، خطباء اور مبلغین کے خلاف مقدمات، گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات صرف چند افراد کے خلاف نہیں بلکہ ایک گہری مذہبی شناخت اور اس علمی و دینی مشن کے خلاف ہیں، جو ہمیشہ امت کی رہنمائی اور خدمت کرتا رہا ہے۔

بیان کے اختتام پر دنیا بھر کے آزاد ضمیر رکھنے والے انسانوں، اقوام اور حکومتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ بحرین میں جاری اس صورتحال کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور ظلم کے خلاف حق کی آواز بلند کریں، کیونکہ ظالم کے ظلم پر خاموش رہنا اس کے ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔/

 

4364815

نظرات بینندگان
captcha