ممتاز شامی محقق اور قرآنی ایکٹویسٹ دار فانی سے رخصت

IQNA

9:34 - August 23, 2026
خبر کا کوڈ: 3520617

ممتاز شامی محقق اور قرآنی ایکٹویسٹ دار فانی سے رخصت

ایکنا: شامی دانشور عدنان محمد زرزور، جو قرآنی مطالعات، تفسیر اور اسلامی فکر کے شعبوں کے ممتاز محققین میں شمار ہوتے تھے، ۸۷ سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

1

ایکنا نیوز- عربی ۲۱ نیوز کے مطابق زرزور جمعرات ۲۹ مرداد کو اردن میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک علمی و جامعاتی سرگرمیوں اور مختلف عرب جامعات میں تدریس کے ساتھ ساتھ درجنوں کتابیں، تحقیقی مقالات اور علمی تحقیقات شائع کیں۔

انہوں نے شام، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سمیت کئی عرب ممالک کی جامعات میں بطور استاد خدمات انجام دیں اور مختلف تدریسی و انتظامی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔

اس شامی دانشور کو علومِ قرآن، تفسیر، علمِ کلام (عقیدہ)، ادیان اور اسلامی فکر کے ساتھ ساتھ اسلامی علمی ورثے کے متون پر تحقیق میں خصوصی دلچسپی تھی۔

عدنان محمد زرزور ۱۹۳۹ء میں دمشق میں پیدا ہوئے۔

۱۹۶۴ء میں وہ ایک تعلیمی وظیفے پر قاہرہ یونیورسٹی کے کلیہ دارالعلوم میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے گئے۔ انہوں نے اسلامی عقائد کے شعبے میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔

ان کے ماسٹرز کے مقالے میں قاضی عبدالجبار کی کتاب ’’متشابہ القرآن‘‘ کی تحقیق اور تنقیدی جائزہ لیا گیا تھا، جبکہ ان کے ڈاکٹریٹ کے مقالے کا عنوان ’’الحاکم الجشمی اور قرآن کی تفسیر میں ان کا منہج‘‘ تھا۔ انہوں نے ۱۹۶۹ء میں پہلی پوزیشن کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

قاہرہ سے واپسی کے بعد زرزور نے کئی عرب جامعات میں تدریسی خدمات انجام دیں اور وہاں علمِ کلام کے شعبوں کی سربراہی بھی کی۔

ان کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع سوانحِ حیات کے مطابق، تفسیر، علومِ قرآن، حدیث اور علومِ سنت کے حوالے سے ان کی مکمل علمی کاوشیں ۱۲ جلدوں کے مجموعے میں مرتب کی گئی ہیں، جس میں آٹھ بنیادی کتابیں اور چار تحقیقی کام شامل ہیں۔/

 

4371144

نظرات بینندگان
captcha