ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-تکفیری تنظیم بوکو حرام نے نائیجیریا میں دو سو افراد کا قتل عام کردیا ہے۔ ایسوشیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق چشم دید گواہوں نے بتایا ہے کہ تکفیری گروہ بوکو حرام نے نائجیریا کے صوبہ بورنو میں مایدوگوری شہر کے جوزا علاقے پر حملہ کرکے دو سو افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا، جوزا کے باشندوں نے حکومت کے تحفظ کی درخواست کرتے ہوئے فوج تعینات کرنے کامطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے یہ درخواست منظور نہیں کی تھی۔ ایک اور عینی شاہد نے جو بوکو حرام سے جان بچاکر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا کہا کہ ہم یہ سوچ رہے تھے کہ یہ فوج ہے لیکن یہ تو فوج کے بھیس میں بوکو حرام کے دہشتگرد تھے جنہوں نے ہمارے عوام کو ایک لائین میں کھڑا کرے گولی ماردی اور سب کوقتل کردیا۔واضح رہے بوکو حرام کے دہشتگردوں نے چیبوک گاؤں سے دو سو لڑکیوں کو اغوا کرنے سے پہلے یہ گھناؤنی روش اپنائی تھی۔ بوکو حرام نامی تکفیری دہشتگرد گروہ پانچ برسوں سے نائجیریا میں سرگرم عمل ہے اور اس کے ہاتھوں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں۔ رواں برس میں اس تکفیری دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں دو ہزار افراد مارے گئے ہیں جب کہ ساڑھے سات لاکھ آوارہ وطن ہوگئے ہیں۔