ايران كی قرآنی خبر رساں ايجنسی ايكنا نے بی بی سی سے نقل كيا ہے كہعراق سے روزانہ درجنوں افراد كے تشدد میں ہلاك ہونےكی خبریں آتی ہیں
عراقی وزير داخلہ جواد بولانی نے كہا ہے كہ مارچ دوہزار تين میں عراق پر امريكی حملے كے بعد سے اب تك بارہ ہزار پوليس اہلكار اپنے فرائض انجام ديتے ہوئے مارے جا چكے ہیں۔
ان كا كہنا تھا كہ عراق میں پوليس اہلكاروں كی تعداد ايك لاكھ نوے ہزار ہے۔
اس سے قبل اتوار كے روز بغداد كے شمال میں ايك پریڈ كے دوران خودكش حملے میں سات پوليس اہلكار ہلاك اور بيس زخمی ہوگئے تھے۔
نامہ نگاروں كا كہنا ہے كہ خطرے كے باوجود نوجوان عراقی پوليس میں بھرتی ہوتے ہیں كيونكہ عراق میں روزگار كے مواقع كم ہیں۔
پوليس والے اكثر حملوں كا نشانہ بنتے ہیں۔ اور خيال كيا جاتا ہے كہ اس محكمۂ میں مزاحمت كار داخل ہوچكے ہیں۔
عراق میں بڑھتے ہوئے تشدد كے پيش نظر امريكہ اب عراق كے بارے میں اپنی حكمت عملی پر نظرثانی كر رہا ہے۔
امريكی فوج كے مطابق سينچر كے روز مختلف حملوں میں اس كے چھ فوجی مارے گئے تھے۔