استنبول میں عالمی قرآن کریم کمپلیکس کا قیام

IQNA

8:15 - August 17, 2026
خبر کا کوڈ: 3520595

استنبول میں عالمی قرآن کریم کمپلیکس کا قیام

ایکنا: استنبول میں منعقد ہونے والے گیارہویں بین الاقوامی کتاب میلے کے منتظمین نے میلے کے پہلے روز کی سرگرمیوں کے دوران " عالمی قرآن کریم کمپلیکس" کے قیام کا اعلان کیا۔

1

ایکنا نیوز-  اناطولیہ کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ گیارہواں استنبول بین الاقوامی عربی کتاب میلہ ہفتہ 24 مرداد کو استنبول میں شروع ہوا اور ’’کہانی جاری ہے‘‘ کے عنوان سے 23 اگست تک جاری رہے گا۔ اس میلے کو خبررساں ادارے اناطولیہ کی میڈیا معاونت بھی حاصل ہے۔

میلے کے پہلے روز عالمِ اسلام کے علما کے ایک گروپ نے مجمعِ عالمی قرآن کریم کی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کیا۔

اس مجمع کی بانی کمیٹی کی جانب سے ایک خصوصی اجلاس میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا: آج ہم مجمعِ عالمی قرآن کریم کے قیام اور دنیا بھر کے قرآنی اداروں، مراکز، محافلِ تلاوت اور قرآن اکیڈمیوں کے لیے رجسٹریشن پلیٹ فارم کے افتتاح کا اعلان کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ استنبول سے اس مجمع کے قیام کا اعلان قرآنی سرگرمیوں کے ادارہ جاتی سفر کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے اور اس خیال کی بنیاد "مسجد الاقصیٰ کے صحن اور بیت المقدس" میں رکھی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ خیال ایک سادہ لیکن گہرے سوال سے شروع ہوا: اگر دنیا بھر کے اہلِ قرآن ایک دوسرے کو جانتے ہوتے تو کیا ہوتا؟ اگر ہزاروں ایسے ادارے، جو سب ایک ہی کتاب کی خدمت کرتے ہیں اور ایک ہی پیغام رکھتے ہیں، لیکن اکثر ایک دوسرے سے بے خبر ہیں، ایک دوسرے سے ملاقات کرتے تو کیا ہوتا؟ اگر بکھرے ہوئے تجربات مشترکہ قوت، انفرادی اقدامات عالمی منصوبوں اور منتشر صلاحیتیں ایک متحد نیٹ ورک میں تبدیل ہوجاتیں، جو کتاب اللہ کی خدمت کے لیے باہمی تعاون سے کام کرتا، تو کیا ہوتا؟

بیان میں مزید کہا گیا کہ جب یہ خیال علما، قرآنی قاریوں اور مختلف اداروں کے سامنے پیش کیا گیا تو اسے بھرپور پذیرائی ملی۔ مجمعِ عالمی قرآن کریم کسی ’’عظیم مرکزی ادارے‘‘ کے طور پر، نہ ہی کسی موجودہ ادارے کے حریف یا متبادل کی حیثیت سے قائم کیا گیا ہے، بلکہ اسے ایک عالمی چھتری کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔

اس کا مقصد قرآنی اداروں کی خدمت اور انہیں مضبوط بنانا، ان کی خودمختاری اور منفرد شناخت کو برقرار رکھنا اور باہمی تعاون و شراکت داری کے لیے نئے دروازے کھولنا ہے۔

اس مجمع کی بانی کمیٹی دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز علما، قرآنی قاریوں اور ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ہے۔ مصر سے تعلق رکھنے والے احمد عیسیٰ المعصراوی مجمع کے سربراہ، قطر کے عبدالرشید صوفی نائب سربراہ جبکہ اردن کے احمد شکری شابسوغ سیکرٹری ہیں۔

اس کے علاوہ قرآنی مفکرین اور ماہرین، جن میں شیخ عبدالسلام مجیدی (یمن)، محمد امین مشالی (ترکیہ)، غانم قدوری الحمد (عراق)، کمال قدہ (الجزائر)، احمد میان التہانوی (پاکستان)، خیرالدین خوجہ (کوسوو)، عبدالرحمن الجمل (فلسطین)، محمد آیدن (ترکیہ)، محمد زیتون راسمین (انڈونیشیا)، یحییٰ الغوثانی (شام)، عبدالفتاح الفریسی (مراکش)، محمد الحسن بوصو (سینیگال)، ہشام عبدالباری الراجح (ملائیشیا)، مصطفیٰ احمد عرفہ (کویت)، حسن محمد صالح (امریکا) اور احمد السنامی (اٹلی) شامل ہیں، اس قرآنی مجمع کے ارکان کی حیثیت سے کام کریں گے۔/

 

4370010

نظرات بینندگان
captcha