كربلا كا كنٹرول عراقيوں كے حوالے كر ديا گيا

IQNA

كربلا كا كنٹرول عراقيوں كے حوالے كر ديا گيا

11:24 - October 30, 2007
خبر کا کوڈ: 1596587
كربلا وہ اٹھارہواں صوبہ ہے جس كا كنٹرول عراقيوں كے حوالے كيا گيا ہے

ايران كی قرآنی خبر رساں ايجينسی (ايكنا ) نے بی بی سی كے حوالے سے كھا هے كه كربلا میں سخت حفاظتی انتظامات میں ہونے والی ايك تقريب میں امريكی افواج نے عراق كے مركزی صوبے كربلا كا نظم و نسق مقامی حكام كے حوالے كر ديا۔
ادھر ملك كے شمالی شہر بعقوبہ میں پوليس كے ہیڈكوارٹر پر ايك خود كش حملے میں ستائيس افراد ہلاك اور بيس زخمی ہوگئے ہیں۔

سنہ دو ہزار تين میں عراق پر اتحادی فوجوں كے قبضے كے بعد سے كربلا وہ اٹھارہواں صوبہ ہے جس كا كنٹرول عراقيوں كے حوالے كيا گيا ہے۔

كربلا كے ايك سٹیڈيم میں ہونے والی تقريب سے خطاب كرتے ہوئے وزيراعظم نوری المالكی كا كہنا تھا كہ عراق كی اپنی سكيورٹی فورسز كھڑی كرنے میں بہت تاخير ہوئی ہے۔ ’ مجھے یہ كہنے كی اجازت ديجيئے كہ اپنی سكيورٹی فورسز بنانے میں ہم نے تاخير كی ہے بلكہ بہت تاخير كی ہے۔ اس موقع پر میں ان وجوہات كا ذكر نہیں كرنا چاہتا جن كی وجہ سے یہ تاخير ہوئی۔‘

تاہم وزيراعظم كا كہنا تھا كہ یہ سال عراق میں سكيورٹی كا سال ہوگا جبكہ اگلے سال میں توجہ كا مركز ملك كی تعمير نو ہوگی۔

بغداد میں بی بی سی كے نامہ نگار جِم مائر كے مطابق اگرچہ كربلا كو عراقيوں كے حوالے كر ديا گيا ہے ليكن وہاں پر سكيورٹی كی صورتحال اب بھی خراب ہے كيونكہ دو ماہ قبل شيعہ عسكريت پسندوں اور پوليس كے درميان تصادم میں پچاس افراد ہلاك ہو گئے تھے۔

پوليس ہیڈكوارٹر پر ہونے والے حملے كی تفصيل بتاتے ہوئے بعقوبہ كی پوليس نے كہا كہ یہ حملہ ايك خود كش بمبار نے كيا جو سائيكل پر سوار تھا اور اس نے بارودی بيلٹ اپنے كپڑوں میں چھپائی ہوئی تھی۔

پوليس ہیڈكوارٹر بعقوبہ كے ايك رہائشی علاقے میں واقع ہے اس لیے عام كپڑوں میں ملبوس خود كش حملہ آور پر كسی كو شك نہیں گزرا اور حملہ آور نے پوليس اہلكاروں كی قطار كے قريب پہنچ كر خود كو دھماكے سے اڑا ديا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات كرتے ہوئے ايك عينی شاہد نے بتايا كہ انہوں نے دھماكے سے تھوڑی ہی دير پہلے ايك شخص كو پوليس ہیڈكوارٹر كی ٹوٹی ہوئی ديوار سے عمارت كے اندر گھستے ہوئے ديكھا تھا۔ دكاندار علی شاہين نے كہا كہ دھماكے كے بعد انہوں نے خون میں لت پت كئی لاشیں ديكھیں اور كئی لوگوں كے اعضاء بكھرے ہوئے تھے۔

بعقوبہ كے ايك ہسپتال كے ڈاكٹر نے ايسوسی ایٹڈ پريس كو بتايا كہ ان كے ہاں لائے جانے والے زخميوں میں سے اكثر كو لوہے كے بنے ہوئے بارود سے بھرے گيند لگے تھے۔ ڈاكٹر كا كہنا تھا كہ زيادہ تر زخمی بہت بری حالت میں تھے اور ان كے بچنے كے امكانات كم تھے۔

بعقوبہ صوبہ ديالہ كا دارالحكومت ہے جہاں كچھ عرصے سے مقامی قبائل امريكی اور عراقی فوج كے ساتھ تعاون كر رہے ہیں جو علاقے میں سرگرم القاعدہ كے خلاف كارروائيوں میں مصروف ہیں۔

اتوار كو نو مقامی قبائلی رہنماؤں كو اس وقت اغوا كر ليا گيا جب وہ بغداد میں ايك اجلاس میں شركت كے بعد گھر لوٹ رہے تھے۔

اس كے علاوہ بعقوبہ پوليس كے سربراہ كو گزشتہ ماہ اس وقت ايك خود كش حملے میں مار ديا گيا تھا جب وہ سنّی اور شيعہ گروہوں كے درميان صلح كرانے كے لیے ايك مسجد میں پہنچے تھے۔




نظرات بینندگان
captcha