ایکنا نیوز- پاکستان کے مختلف شہروں میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف بھرپور احتجاج ، مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔جماعت اسلامی نے بڑے شہروں میں ملین مارچ کا اہتمام کیا۔ مظاہروں میں فرانس کا پرچم جلایا گیا اور مظاہرین نے فرانس سے تعلقات ختم کرنے اور سفارت خانے کو بند کرنے کا مطالبہ پیش کیا۔
جامع مسجد امام بارگاہ کلاں کے باہر بھی نماز کے بعد مظاہرہ کیا گیا جس سے امام جمعہ علامہ علی حسنین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ جمہوریت اور آزادی کے دعوے دار ممالک میں کھلم کھلا مقدس ترین ہستی کی توہین کو آزادی کانام دیا جارہا ہے ۔ فرانس کے اپنے بھیجے گیے دہشت گرد اگر فرانس میں دہشت گردی کریں تو شور مچ جاتا ہے ورنہ دیگر اسلامی ممالک میں یہی لوگ ان دہشت گردوں کو سپورٹ کرتے ہیں ۔
امام جمعہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ ملکر اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کےزریعے سے ان توہین آمیز اقدامات کو روکنے کے لیے قانون سازی کریں۔
مظاہرین نے امریکہ،اسرائیل اور فرانس مردہ باد کے نعرے بھی لگائے اور رسول اکرم (ص)سے عشق اور محبت کا اظھار کیا۔