ایکنا نیوز- ) حکومتِ پنجاب نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے اور سپیشل برانچ نے مدارس کو غیر ملکی امداد ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے رجسٹریشن کا عمل شروع کرتے ہوئے وفاق المدارس سے بھی رابطہ کیا ہے اور 177 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو پنجاب بھر کے دینی مدارس کی تفصیلات اکٹھا کر کے رپورٹ مرتب کریں گی۔ ذرائع کے مطابق غیر رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب سپیشل برانچ کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے خط میں تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان میں موجود دینی مدارس کو غیر ملکی امداد مل رہی ہے تاہم اس کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔
ڈیلی پاکستان کے مطابق سپیشل برانچ کے خط میں سٹیٹ بینک اور ایف آئی اے تعاون سے اپیل کی گئی ہے اور کہا ہے کہ کچھ مدارس دوسرے اسلامی ممالک سے امداد حاصل کر رہے ہیں اور اگر سٹیٹ بینک مدارس کیلئے رقم کی منتقلی پر نظر رکھے تو شواہد مل سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مدارس کو فنڈنگ کی خبریں زبان زد خاص و عام ہیں۔