ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق مصری فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے لیبیا میں داعش کے ٹھکانوں، ہتھیاروں کے گوداموں اور ٹریننگ کے مراکز پر حملے کئے ہیں۔ مصر کے سرکاری ٹی وی چینلوں نے بھی مصری جنگی طیاروں کو پرواز کرتے ہوئے دکھایا ہے- مصری فوج کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بہت پلاننگ کے ساتھ داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان میں مصری فوج نے کہا ہے کہ مصری شہریوں کے خون کا انتقام لینا، اور داعش کے خلاف انتقامی کاروائی کرنا ایسی ذمہ داری ہے جس پر عمل کرنا ضروری ہے۔ یہ حملے داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں لیبیا میں اکیس مصری قبطیوں کے سر قلم کرنے کے ویڈیو کلپ جاری کئے جانے کے کچھ ہی گھنٹے بعد انجام دیئے گئے۔ داعش کے ذریعے اس ہولناک اقدام کی ویڈیو کلپ جاری کئے جانے کے بعد مصری عوام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ مصری عوام کی جانب سے داعش کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جارہا ہے۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کے دفتر نے بھی ایک بیان جاری کرکے داعش کے ہاتھوں اکیس مصری عیسائیوں کی ہلاکت کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کی ہے۔