ایکنانیوز- ایرانی ریڈیو کے مطابق سعودی عرب اور اتحادی افواج کے جنگی جہازوں نے یمن کے صوبے حجۃ کے شہر حرض میں رہائشی علاقوں اور ایک بازار پر بمباری کی ہے جس میں درجنوں افراد شہید او زخمی ہو گئے۔
یمن کی وطن نیوز ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق سعودی عرب کے اس تازہ ہوائی حملے میں تیرہ افراد شہید اور ستر سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایک اور خبر کے مطابق دارالحکومت صنعا کے جنوبی رہائشی علاقوں پر سعودی اتحادی افواج کے ہوائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد چھیالیس ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے تین سو کے قریب زخمی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔
صوبہ مارب کے گیس سے چلنے والے بجلی گھر پر ہوائی حملوں کے باعث صنعا میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی ہے اور بجلی کی سپلائی منقطع ہونے سے اس شہر کے اسپتالوں میں مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے پیر کے روز بھی ایک سو انتیس بار یمن کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا۔