یمن آپریشن کا اختتام : پاکستان کا خیرمقدم

IQNA

یمن آپریشن کا اختتام : پاکستان کا خیرمقدم

14:41 - April 22, 2015
خبر کا کوڈ: 3191016
بین الاقوامی گروپ:پاکستان نے سعوی عرب کی جانب سے یمن میں فضائی حملے ختم کرنے کے فیصلےکا خیرمقدم کیا ہے

ایکنا نیوز- دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنے بیان میں کہا کہ "اس فیصلے سے مسئلے کے سیاسی حل کی راہ ہموار ہوگی"۔

تسنیم اسلم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس "بحران کے پرامن حل" کے لیے سعودی عرب کی خواہش کے ساتھ ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کی جانب سے یمن آپریشن ختم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سعودی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری کے مطابق سعودی افواج یمن میں آپریشن ختم کر رہی ہیں کیونکہ یمن میں انتہائی خطرناک اہداف کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اب وہاں بحالی کا کام شروع ہوگا۔

انھوں نے واضح کیا کہ فضائی حملوں سے سعودی عرب کو لاحق خطرات ختم کردیئے گئے ہیں، تاہم فوجی آپریشن بند کرنے کا مطلب سیز فائر نہ سمجھا جائے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یمن میں اب "بحالی امید " کے نام سے ایک نئے آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب تقریباً ایک ماہ سے یمن کے حوثی قبائل کے خلاف کارروائی میں مصروف تھا۔ سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی افواج نے 26 مارچ کو یمن میں حملے شروع کیے تھے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق حملوں میں اب تک 944 افراد ہلاک جبکہ 3 ہزار 487 زخمی ہوچکے ہیں۔

پاکستان اور یمن تنازع
یمن تنازع میں پاکستانی حکومت پر اس وقت دباؤ آیا جب سعودی عرب نے پاکستان سے یمن میں کارروائی کے سلسلے میں فوجی مدد طلب کی۔

جس کے بعد پانچ روز تک پارلیمنٹ میں جاری رہنے والے مشترکہ اجلاس کے بعد سعودی عرب کے مطالبے کو نظر انداز کردیا گیا اور حکومت پر مذکورہ معاملے میں غیر جانبداررہنے پر زور دیا گیا ۔

تاہم پاکستانی قانون سازوں کی جانب سے یمن کے بحران میں پاکستانی حکومت سے غیرجانبدار رہنے کے مطالبے پر سعودی عرب کے قریبی اتحادی ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے سخت ردّعمل سامنے آیا ۔

متحدہ عرب امارات کے خارجہ امور کے ریاستی وزیر ڈاکٹر انور محمود گرگاش کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور ترکی کے مبہم اور متضاد مؤقف نے ایک یقینی ثبوت پیش کردیا ہے کہ لیبیا سے یمن تک عرب سلامتی کی ذمہ داری عرب ممالک کے سوا کسی کی نہیں ہے۔'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے " مہبم موقف " کی بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر کے اس بیان پر پاکستان کی جانب سے انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ " پاکستان ایک باعزت قوم ہے اور یو اے ای و سعودی عرب کے لیے برادرانہ جذبات رکھتی ہے مگر ایک اماراتی وزیر کا بیان پاکستان اور اس کے شہریوں کی انا پر حملے کے مترادف ہے جو کہ ناقابل قبول ہے"۔

1020150

ٹیگس: یمن ، سعودی ، پاکستان ، فوج
نظرات بینندگان
captcha