مستعفی حکومت کے وزیر خارجہ کا منصوبہ قبول نہیں: انصاراللہ

IQNA

مستعفی حکومت کے وزیر خارجہ کا منصوبہ قبول نہیں: انصاراللہ

18:21 - April 28, 2015
خبر کا کوڈ: 3225313
بین الاقوامی گروپ:یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ایک سینیئر رکن ہاشم عدنان البلیبی نے پیر کے روز کہا ہے کہ مشروط مذاکرات کے لئے یمن کی مستعفی حکومت کے وزیرخارجہ "ریاض یاسین" کا مجوزہ منصوبہ ناقابل قبول ہے

ایکنا نیوز- شفقنا- انصارللہ کے نمایندے نے کہا کہ جو تجویز پیش کی گئی ہے وہ سعودی عرب کا ایک منصوبہ ہے کہ جس کا مقصد پورے یمن پر تسلط جمانا ہے- عدنان البلیبی نے کہا کہ یمنی عوام چاہتے ہیں کہ منصور ہادی، جو مستعفی ہوچکے ہیں اپنے آلہ کاروں سمیت مکمل طور پر ملک کے مسائل سے کنارہ کش ہوجائیں تاکہ یمن میں بیرونی مداخلت کے بغیر بحران کے سیاسی حل کی راہ ہموار ہوسکے- انھوں نے کہا کہ منصور ہادی اور ان کے آلہ کار جو وعدے کررہے ہیں وہ صرف عوام کو فریب دینے کےلئے ہیں اور ان کا اصل مقصد یمن کے عوامی انقلاب کو کچلنا اور انقلابیوں کو ختم کرنا ہے- یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے کہا کہ ان کے ملک کے عوام نے اس لئے قربانی پیش نہیں کی ہے کہ منصور ہادی اور یا سعودی عرب، پھر ان پر مسلط ہوجائے- واضح رہے کہ یمن کی مستعفی حکومت کے وزیرخارجہ "ریاض یاسین" نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ساتھ مشروط طور پر مذاکرات کےلئے آمادہ ہیں- انھوں نے شرط عائد کی ہے کہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ ہتھیار ڈال دے اور وہ ایک تحریک سے ہٹ کر سیاسی پارٹی کی شکل اختیار کرے تو اس کے ساتھ مذاکرات کئے جاسکتے ہیں- قابل ذکر ہے کہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے اس مجوزہ منصوبے کو ناکام قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا-

44512

نظرات بینندگان
captcha