ایکنا نیوز- شفقنا-سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ رات جنوبی غزہ پٹی میں واقع شہرخان یونس اور شہر رفح میں دو ہولناک دھماکے ہوئے جس کے بعد پتہ چلا کہ یہ دھماکے سینا میں مصری فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے کئی گھروں اور تین مسجدوں کو شہید کئے جانے کے باعث ہوئے ہیں- فلسطینیوں کے ان گھروں کو ڈھانے اور مسجدوں کو شہید کرنے کا مقصد مصر اور غزہ پٹی کی سرحد میں بفر زون قائم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کرنا ہے- عبدالفتاح السیسی کے برسراقتدار آنے کے بعد فوج نے غزہ میں موجود ان سرنگوں کو تباہ کرنے کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں جنھیں غزہ کے محصور فلسطینی ضروری اشیاء منتقل کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے- دوسری جانب حکومت مصر نے سینا کے علاقے میں دہشتگردی سے نمٹنے کے بہانے سرحدی شہر رفح کو خالی کرانے اور مصر و غزہ کی سرحد میں ایک بفر زون قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے- جبکہ مصری حکام نے باہر کی دنیا سے غزہ کے محصور عوام کے رابطے کے واحد راستے "رفح پاس" کو ایک بار پھر بند کر دیا ہے جس کے باعث غزہ کے عوام کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں-