ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- ارنا کے حوالے سے سحر نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق جنرل سید یحی رحیم صفوی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حیفا اور تل ابیب کو نشانہ بنانے کے لئے حزب اللہ لبنان کے اسی ہزار سے زیادہ میزائل تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صیہونی، اسلامی جمہوریۂ ایران کے لئے فوجی مسائل پیدا نہیں کرسکتے۔ جنرل سید یحیی رحیم صفوی نے بدھ کی رات ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے اپنی بہت سی نمایاں فوجی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے کہا کہ ایران ایک طاقتور ملک ہے اور ہر جارحیت کا بھرپور اور دندان شکن جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایران ثبات و استحکام اور سیاسی اثر و رسوخ کے لحاظ سے علاقے میں ایک مقتدر حکومت کا حامل ملک ہے اور جیو پولیٹیکل لحاظ سے بھی اعلی مقام رکھتا ہے۔ سید یحیی رحیم صفوی نے غیر علاقائی طاقتوں اور امریکہ کو دہشت گردی کی جڑ قراردیا اور کہا کہ دہشت گرد گروہ علاقے میں امریکہ کے فوجی اڈوں کی توسیع کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کسی بھی علاقائی ملک سے ایران کی دشمنی نہیں ہے یہ امید ظاہر کی کہ خطے کے ممالک قہم و فراست سے کام لے کر امت مسلمہ کے مفاد میں قدم اٹھائیں گے۔