ایکنا نیوز- رہبرویب سایٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سینکڑوں یونیورسٹی طلباء کے ساتھ ملاقات میں ان کی مشکلات، مطالبات، تنقید اور تجاویز سنیں اور علاقے کے مسائل سمیت مختلف مسائل پر گفتگو فرمائی- رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں ماہ مبارک رمضان کے آخری دنوں میں مومنوں کے دلوں پر طاری ہونے والی حسرت کی کیفیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ جس کسی کا بھی دل ماہ مبارک رمضان کی معنوی بہار اور رحمت و لطف الہی سے سرشار ہو گا وہی آئندہ بھی معنوی فضا سے بہرہ مند ہو گا- آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایرانی قوم کے ساتھ عالمی سامراجی طاقتوں کی دشمنی کی اصل وجہ، اس کی جانب سے تسلط پسندانہ نظام کو ٹھکرایا جانا ہے- آپ نے علاقے میں ایران کے معنوی اور حیرت انگیز اثر و رسوخ اور موجودگی کو ایک ناقابل انکار حقیقت سے تعبیر کیا کہ جس پر طلبا یونینوں کی جانب سے بھرپور توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے- رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہم اس بات سے باخبر ہیں کہ امریکہ اور علاقے کے رجعت پسند ممالک، اپنے خفیہ اجلاسوں میں علاقے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کر سکتے- رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یمن کے بے گناہ اور نہتے عوام کے خلاف سو دنوں سے جاری وحشیانہ حملوں اور بمباری کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ انسانی حقوق اور جمہوریت کے دعویدار مغربی ممالک، سعودی عرب کے ظالمانہ اور ہولناک جرائم پر بالکل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور سعودی حکومت کے شدید مظالم کے خلاف ایک بات بھی زبان سے کہنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور وہ اپنی شرمناک قرارداد میں ظالم کی مذمت کرنے کے بجائے مظلوم کی مذمت کرتے ہیں- آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی اصل وجہ یہ ہے کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اثر و رسوخ کے سبب سعودی عرب اور اس کے حواری تلملا اٹھے ہیں- آپ نے فرمایا کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا اثر و رسوخ ایک خداداد نعمت ہے- رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآنی اصولوں کی بنیاد پر سامراج اور تسلط پسندانہ نظام کا مقابلہ کئے جانے کا عمل ہمیشہ جاری رہے گا اور مذاکرات کا اس پر اثر نہیں پڑنے والا اور آج امریکہ استبداد کا مکمل مصداق ہے- آپ نے طلبا کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ سامراج کو شکست دینا انقلاب کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے اس بنا پر سامراج کا مقابلہ کرنے کے لئے خود کو آمادہ کئے جانے کی ضرورت ہے- آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران کے جوان، دنیا کے سب سے زیادہ فعال اور سرگرم جوان ہیں اور اس کے مقابلے میں یورپی جوانوں میں خودکشی کی بڑھتی ہوئی شرح، مغربی دنیا میں پائی جانے والی افسردگی کی علامت ہے- آپ نے یورپی جوانوں کی جانب سے داعش دہشت گرد گروہ میں شمولیت اور پھر خودکش کاروائیاں انجام دیئے جانے کو یورپی جوانوں میں پائی جانے والی افسردگی کی ایک واضح مثال قرار دیا اور فرمایا کہ اس کے برعکس ایرانی جوانوں نے روزے کی حالت میں اور شب قدر میں اعمال بجا لانے کے لئے رات بھر بیدار رہنے کے باوجود شدید گرمی میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی جو جوانوں کی نشاط کی دلیل ہے۔
رہبر انقلاب نے طلباء کی تعلیمی اور شادی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے حل پر زور دیا اور انکی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظھار کیا۔
رہبر انقلاب کے خطاب سے پہلے طلباء یونینوں کے نمایندوں نے اپنے مسائل رہبر انقلاب کے سامنے بیان کیے۔