ایکنا نیوز-اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ ڈویژن عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے کمرشل زون سمیت مختلف علاقوں کو حساس قرار دیکر اسکی سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے ڈیزائنگ کر رہے ہیں، تاکہ امن و امان کو قائم رکھا جاسکے۔ ایس پی سریاب پر ہونے والے حملے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق ملزم کا نام مبشر احمد کرد سکنہ مستونگ ہے۔ شناختی کارڈ پر تصویر اور ملزم کا چہرہ مماثلت رکھتے ہیں۔ تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ملزم کا کوئی کرمنل ریکارڈ تھا اسکی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس پر ہونے والی فائرنگ کے بیشتر واقعات میں جیش الاسلام کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔