ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-العالم نیوز چینل کے مطابق عراق کی البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کی نابودی تک اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وجود کو دہشت گردی کی جانب سے شدید خطرہ لاحق ہے لہذا داعش کو شکست دینا ضروری ہے۔ ہادی العامری نے معاشی مسائل پر ہونے والے گذشتہ دنوں کے دوران ہونے والے احتجاجات کے بارے میں کہا کہ عراقی حکومت کو چاہئے کہ عوام کے قانونی مطالبات پر توجہ دے اور ان کی ضروریات کو پورا کرے، تاہم یہ مظاہرے اور احتجاجات اصل مقصد یعنی دہشت گردی کے خلاف مہم پر اثر انداز نہیں ہونے چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں دراندازی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ بدر تنظیم کے سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ اندرون ملک سرگرم غدار افراد کا خطرہ دہشت گردوں کے خطرے سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں ان کا خاتمہ بھی کیا جائے گا۔ ہادی العامری نے کہا کہ بہت جلد ہی فلوجہ شہر کو آزاد کرا لیا جائے گا۔ انہوں نے اس شہر کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ داعش کے عناصر کے خاتمے تک محفوظ مقامات میں پناہ لے لیں تاکہ فوجی کارروائی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ یاد رہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ایک مہینے قبل صوبہ الانبار میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں اس صوبے کے متعدد شہر داعش کے عناصر سے آزاد کرالئے گئے۔ اس صوبے میں عراقی فوج کی پیش قدمی اب بھی جاری ہے۔