ایکنا نیوز- سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جانور ذبح کرنے کی پابندی کو خواتین کی تنظیم "دختران ملت" کی سربراہ آسیہ اندرابی نے ہوا میں اڑا دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جموں کشمیر کی ایک عدالت کی جانب سے جانوروں کے ذبح کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
ڈان نیوز کے مطابق آسیہ اندرابی نے اس پابندی کو بنیادی انسانی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے گائے ذبح کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ نوجوانوں نے ایک سیاہ گائے کو گرایا ہوا ہے جبکہ آسیہ اندرابی اس کی گردن پر چھری پھیر رہی ہیں۔
اس موقع پر آسیہ انداربی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق جانوروں کی قربانی مسلمانوں کے لیے جائز ہے، اس لیے عدالتی فیصلے اور ہندوستان کے نافذ کردہ قانون کی نفی کے طور پر گائے کی قربانی کی جارہی ہے۔
جبکہ اس موقع پر موجود دیگر کئی خواتین نے نعرے لگائے۔