ایکنا نیوز- سحرٹی وی-القدس ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ فلسطینی گروہوں نے ہفتے کے دن کو صہیونیوں کے خلاف نفرت وبیزاری کے دن کااعلان کرتے ہوئے سبھی مسلح گروہوں اور فلسطینی قوم سے کہا ہے کہ وہ تیسری تحریک انتفاضہ کے پرچم تلے سڑکوں پرنکل آئیں۔ فلسطینی گروہوں نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اور مسلح گروہوں کو اب صیہونیت مخالف اپنی مسلح جدو جہد کا دائرہ وسیع کرنا ہوگا۔
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ غرب اردن کے شہروں بیت اللحم اور الخلیل میں فلسطینیوں اور صہیونیوں کے درمیان لڑائی کا دائرہ پھیل گیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئےبراہ راست فائرنگ کی ہے جبکہ ربڑکی بھی گولیاں فائر کرنے کےساتھ ساتھ آنسو گیس کا بے تحاشا استعمال کیا ہے۔
دریں اثنا صیہونی فوجیوں نے شعفاط پناہ گزیں کیمپ میں فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا ہے۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے ہفتے کے دن مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع شعفاط پناہ گزیں کیمپ پر فائرنگ کر کے فلسطینی نوجوان احمد جمال صلاح کو شہید کر دیا ۔ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔