ایکنا نیوز- ممبر بلوچستان اسمبلی آغا رضا کی قیادت میں کوئٹہ مومنین کا ایک وفد بشمول مجلس وحدت مسلمین کے شوریٰ عالی کے رکن و امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی, صدر ہزارہ جرگہ حاجی عبدالقیوم چنگیزی, پرنسپل جامعہ امام صادق علامہ محمد جمعہ اسدی, چیرمین نور ویلفیئر سوسائٹی عامر علی چنگیزی اور سید حسن آغا نے شہدائے جیکب آباد کے سوم کے جلسے میں شرکت کی اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا.
جلسے میں شہداء کے لواحقین اور دوسرے مومنین کی کثیر تعداد سے آغا رضا نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک اس آپریشن کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریڑی جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جیکب آباد.سندھ کی نااہل حکومت اور اس میں شامل بعض تکفیری سوچ کے حامل وزراءکی خیانتوں کا نتیجہ ہے،ہم چودہ سوسالوں سے آگ و خون کے دریاکو عبور کرکے یہاں تک پہنچے ہیں،آج کے شمراور زیاد ذادے اگر سمجھتے ہیں کہ عاشقان حسین کی لاشیں گراکرہمیں گھروں میں محصور کردیں گےاور ہم حسین ؑکا غم منایا چھوڑ دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے، یہ حسرت دل میں لیئے ان کے بڑے بھی مر گئے یہ بھی مر جائیں گے۔