ایکنا نیوز- سحرٹی وی-عراق کے صوبہ الانبار کی آپریشنل کمان کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عراقی افواج نے مذکورہ صوبے میں واقع رمادی شہر کے شمال میں داعش گروہ کے چالیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ الانبار کے علاقے البدوذیاب میں بم نصب شدہ پانچ بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے قطانہ پولیس مرکز کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ داعش گروہ کے دہشت گردوں نے اس پولیس مرکز کو اپنے اہم اڈے میں تبدیل کر دیا تھا۔ ادھر صوبہ صلاح الدین میں سامرا کے آپریشنل کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ سامرا شہر کا اسی فیصد سے زیادہ علاقہ داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔ سامرا کے آپریشنل کمانڈر نے بتایا کہ اس شہر کا بہت بڑا حصہ آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز عراق میں ہونے والے ہوائی حملوں میں اٹھائیس تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ دریں اثنا صوبہ صلاح الدین کے صدر مقام تکریت کے مغرب میں عراقی فوج اور داعش دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی شدید لڑائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔